جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

عالمی منڈی میں تیل مہنگا، قیمتیں 12 دن کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

11 اگست, 2026 12:18

لندن: امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق مذاکرات میں تعطل کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کو برینٹ خام تیل کی قیمت 88.09 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 82.52 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ دونوں قیمتیں 31 جولائی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے اور آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری آمدورفت بحال کرنے کے حوالے سے مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہو سکی۔

آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین توانائی کے بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے اور یہاں پیدا ہونے والی کسی بھی کشیدگی سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی اور قیمتیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ اسی وجہ سے مارکیٹ میں مذاکرات سے متعلق ہر پیش رفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ملک میں گزشتہ کئی ہفتوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر طے کی جا رہی ہیں، اس لیے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت بڑھنے کا اثر مقامی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد مسلسل دوسرے روز بھی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔