جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے سرپلس چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا

12 اگست, 2026 13:30

اسلام آباد: شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے ملک میں موجود اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔ اس حوالے سے ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو خط بھی ارسال کیا ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت سے چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کے لیے اس سے قبل بھی دو خطوط لکھے جاچکے ہیں، تاہم اب موجودہ ذخائر کے پیش نظر ایک بار پھر فوری فیصلے کی درخواست کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے خط میں بتایا گیا ہے کہ 31 جولائی 2026 تک ملک میں تقریباً 31 لاکھ میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ موجود ہے، جبکہ ملکی سطح پر چینی کی ماہانہ اوسط کھپت 5 لاکھ 64 ہزار 196 میٹرک ٹن ہے۔

خط کے مطابق آئندہ کرشنگ سیزن کے آغاز تک ملک میں تقریباً 11 لاکھ 97 ہزار میٹرک ٹن اضافی چینی موجود ہوسکتی ہے۔ اس دوران گنے کی ایک بار پھر بمپر فصل متوقع ہے، جس کے نتیجے میں چینی کی پیداوار ملکی ضرورت سے نمایاں طور پر زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گنے کی متوقع بمپر پیداوار کے بعد ملکی ضرورت سے تقریباً 80 لاکھ میٹرک ٹن زیادہ چینی پیدا ہوسکتی ہے، جس کے باعث اضافی اسٹاک کے انتظام کا مسئلہ مزید سنگین ہوسکتا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق شوگر انڈسٹری کے پاس ضرورت کے مقابلے میں بڑے پیمانے پر چینی ذخیرہ رکھنے کی گنجائش موجود نہیں، جبکہ فروخت نہ ہونے والے اسٹاک کے باعث شوگر ملوں کو مالی مشکلات اور فنڈز کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی چینی کی برآمد کی اجازت دی جائے تاکہ موجودہ ذخائر کو کم کرنے کے ساتھ شوگر ملوں کو درپیش مالی دباؤ بھی کم کیا جاسکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔