جمعرات، 27-اگست،2026
جمعرات 1448/03/14هـ (27-08-2026م)

گیس سبسڈی اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کی ضرورت ہے: وفاقی وزیر

27 اگست, 2026 12:00

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ گیس سبسڈی کے موجودہ نظام اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کی ضرورت ہے، جبکہ تمام صارفین کے لیے منصفانہ اور یکساں گیس قیمت کی جانب مرحلہ وار منتقلی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ادارے کی کارکردگی، اصلاحات، آپریشنل معاملات اور مالی پائیداری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایس ایس جی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر حکام نے ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔

حکام نے بتایا کہ گیس ڈسٹری بیوشن سسٹم میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ یون پرائسنگ فیکٹر (یو ایف جی) میں 57 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق کے الیکٹرک، صنعتی صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کے لیے گیس لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، جبکہ گھریلو صارفین کو دن میں تین مرتبہ گیس فراہم کی جارہی ہے۔

علی پرویز ملک نے ایس ایس جی سی ایل کے بورڈ کو ادارے کی مالی اور انتظامی پائیداری مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپریشنل کارکردگی، ریونیو ریکوری اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گیس چوری اور نقصانات میں کمی ایس ایس جی سی ایل کی مالی پائیداری کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں گیس فراہمی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور گیس چوری، تکنیکی خرابیوں اور انفراسٹرکچر سے متعلق رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ گیس کے سرکلر ڈیٹ میں اضافے کو بھی تقریباً روک دیا گیا ہے۔ حکومت عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر کام کررہی ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ تمام صارفین کے لیے منصفانہ اور یکساں گیس قیمت کی جانب مرحلہ وار منتقلی ضروری ہے، تاہم کمزور طبقات کو ٹارگٹڈ سماجی تحفظ کے پروگرامز کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گیس کے شعبے میں اصلاحات کا بنیادی مقصد نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور مالی طور پر پائیدار بنانا ہے، تاکہ صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ توانائی کے شعبے کے بنیادی مسائل کا مستقل حل تلاش کیا جاسکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔