ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

پاکستان اور ہانگ کانگ میں ڈیجیٹل فنانس تعاون بڑھانے پر اہم پیشرفت

29 اگست, 2026 11:10

اسلام آباد: پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ڈیجیٹل فنانس، مالیاتی ٹیکنالوجی اور ورچوئل اثاثوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے ہانگ کانگ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں، جن میں مالیاتی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق بلال بن ثاقب نے ہانگ کانگ مانیٹری اتھارٹی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو، سیکریٹری فنانس اور ایک رکن اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں جانب سے ڈیجیٹل فنانس اور جدید مالیاتی نظام سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

ملاقاتوں کے دوران ٹوکنائزڈ کیپٹل مارکیٹس، ڈیجیٹل بانڈز اور سیٹلمنٹ انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ فن ٹیک، ویب تھری، مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

فریقین نے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے، تکنیکی تجربات کے تبادلے اور مالیاتی شعبے میں عملی تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ ہانگ کانگ پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور عالمی سرمایہ کاروں کے درمیان ایک اہم رابطے کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے ورچوئل اثاثوں کے لیے ریگولیٹری بنیادیں قائم کی ہیں تاکہ اس شعبے سے معاشی فوائد حاصل کیے جاسکیں۔

چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد معتبر اور ذمہ دار کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا اور ورچوئل اثاثوں کے حقیقی مالیاتی استعمال کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹوکنائزڈ کیپٹل مارکیٹس اور ریگولیٹری ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی پیشرفت پر توجہ دی جا رہی ہے، جس سے مستقبل میں ملکی مالیاتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ مل سکتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔