پاکستان کی معیشت کو امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب لے جا رہے ہیں، محمد اورنگزیب

Reduction in petrol price; key statement from the Federal Finance Minister released
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو بیرونی امداد پر انحصار سے نکال کر تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کی جانب لے جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر شراکت داری ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کا عمل سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور پیداواری صلاحیت میں اضافے سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کے لیے بھی مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ برآمدات، سرمایہ کاری اور ملکی پیداواری صلاحیت میں اضافہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایکسپورٹ فنانس ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اس لیے برآمد کنندگان کو مالی سہولیات کی فراہمی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے تاکہ ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ حکومت کا مقصد معیشت کو بیرونی امداد کے ماڈل سے نکال کر تجارت اور سرمایہ کاری پر مبنی معیشت کی جانب منتقل کرنا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی اداروں اور کاروباری برادری کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے حکومت، نجی شعبے، مالیاتی اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی استحکام کو برقرار رکھتے ہوئے سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر توجہ جاری رکھے گی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











