پنجاب الیکٹرک بائیک اسکیم، طلبہ کیلئے ماہانہ قسط 3 ہزار 28 روپے مقرر

Good news for those wishing to buy electric bikes; government takes major step
لاہور: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ کے لیے ’’چیف منسٹر الیکٹرک بائیک اسکیم‘‘ کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار 28 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
اس اسکیم کے تحت پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِتعلیم طلبہ و طالبات کو رعایتی قیمت پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ بائیکس کی خریداری کے لیے آسان اقساط کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
حکام کے مطابق پنجاب کے 33 ہزار سے زائد سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ایک لاکھ طلبہ اس اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔
اسکیم کے تحت الیکٹرک بائیک کی مجموعی قیمت ایک لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کیے جانے کے بعد طلبہ کو صرف ایک لاکھ 9 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
طلبہ یہ رقم 36 ماہ یعنی تین سال کی آسان اقساط میں ادا کریں گے، جس کے نتیجے میں ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار 28 روپے بنے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ پر اضافی مالی بوجھ کم کرنے کے لیے بائیکس کی انشورنس، مارک اپ اور رجسٹریشن کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔
الیکٹرک بائیکس مختلف رنگوں میں دستیاب ہوں گی، جبکہ طالبات کے لیے خصوصی طور پر گلابی رنگ کی بائیکس بھی مختص کی گئی ہیں۔
اسکیم کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 5 ستمبر 2026 سے ہوچکا ہے۔ اہل طلبہ پنجاب حکومت کے آن لائن پورٹل پر درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ مریم نواز کے مطابق اسکیم کا مقصد طلبہ، خصوصاً طالبات، کو سستی اور بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ آمدورفت کے مسائل ان کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔ اس اقدام سے صوبے میں ماحول دوست الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












