بدھ، 9-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/27هـ (09-09-2026م)

ہائبرڈ گاڑیوں پر ٹیکس میں کمی کی تجویز، درآمدی لاگت کم ہونے کا امکان

09 ستمبر, 2026 08:40

نئی آٹو پالیسی 2026 سے 2031 میں ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی کم کرنے کی تجاویز سامنے آگئی ہیں۔

آٹو پالیسی کا حتمی ڈرافٹ وزیراعظم کو پیش کردیا گیا ہے، جس میں گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری، مقامی پیداوار بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق 1801 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں پر موجودہ 50 فیصد ڈیوٹی کو آئندہ پانچ سال میں مرحلہ وار کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح 1501 سے 1800 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں کی ڈیوٹی بھی 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

800 سی سی تک اور 851 سے 1000 سی سی تک کی ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے بھی ڈیوٹی میں کمی کی تجویز شامل ہے۔ ان گاڑیوں پر موجودہ 50 فیصد ڈیوٹی کو پانچ سال کے دوران 30 فیصد تک لانے کی سفارش کی گئی ہے۔

مجوزہ پالیسی میں ہائبرڈ کمرشل اور بھاری گاڑیوں کے لیے بھی ٹیکس میں کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ ہائبرڈ ٹرک پر ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد، جبکہ ہائبرڈ کمرشل گاڑیوں پر ڈیوٹی 60 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

ہائبرڈ بسوں پر بھی ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

حکومت کے مطابق نئی آٹو پالیسی کا مقصد پاکستان کی گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھانا، مقامی سطح پر پیداوار کو فروغ دینا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

اگر یہ تجاویز حتمی منظوری حاصل کرلیتی ہیں تو ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکس کا موجودہ نظام تبدیل ہوسکتا ہے اور آنے والے برسوں میں درآمدی لاگت میں کمی کا امکان ہے۔ تاہم ان تجاویز پر عمل درآمد پالیسی کی حتمی منظوری اور حکومت کے متعلقہ فیصلوں سے مشروط ہوگا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔