پیر، 21-ستمبر،2026
پیر 1448/04/10هـ (21-09-2026م)

گھر بیٹھے پیٹرول ریلیف کیلئے رجسٹریشن کیسے ہوگی؟ آسان اور مکمل طریقہ سامنے آگیا

14 ستمبر, 2026 15:18

اسلام آباد: وفاقی وزرا عطا تارڑ، شزا فاطمہ اور علی پرویز ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے پیٹرول ریلیف پیکیج کی تفصیلات سے آگاہ کردیا۔

وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے بتایا کہ وزیراعظم نے محنت کش اور کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ہفتے میں ایک بار 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کو 30 لیٹر تک فیول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔

شزا فاطمہ کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد وزیراعظم کے ریلیف پیکیج سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس پروگرام کے لیے شہریوں سے شناختی کارڈ کی کوئی کاپی طلب نہیں کر رہی۔

انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن گھر بیٹھے موبائل فون سے کی جاسکتی ہے۔ رجسٹریشن کے لیے 9771 پر پیغام بھیجنا ہوگا، جبکہ جس موبائل نمبر سے پیغام بھیجا جائے گا وہ شہری کے شناختی کارڈ اور سم کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔

موٹر سائیکل سواروں کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ:

9771 پر درج ذیل معلومات ترتیب سے ارسال کی جائیں:

  1. پہلی لائن میں شناختی کارڈ نمبر
  2. دوسری لائن میں موٹر سائیکل کا رجسٹریشن نمبر
  3. تیسری لائن میں صوبے کا نام
  4. چوتھی لائن میں رجسٹریشن کی تاریخ

شزا فاطمہ کے مطابق موٹر سائیکل کا مالک کے اپنے نام پر ہونا لازمی نہیں، تاہم رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد جب بھی پیٹرول ڈلوانا ہو، اسی دن 9771 پر "TOK” لکھ کر پیغام بھیجنا ہوگا۔

پیٹرول پمپ پر فیول حاصل کرتے وقت موصول ہونے والا پیغام دکھانا ہوگا تاکہ ریلیف حاصل کیا جاسکے۔

وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ہر شہری کے پاس اسمارٹ فون موجود نہیں، اسی وجہ سے حکومت نے صرف ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کا طریقہ اختیار نہیں کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کم کرنے کی صورت میں امیر طبقہ بھی سبسڈی سے فائدہ اٹھاتا، اسی لیے ریلیف کو کمزور طبقے تک محدود رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق سب سے زیادہ ضرورت مند افراد موٹر سائیکل اور رکشوں پر سفر کرتے ہیں۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ اسلام آباد میں سبسڈی کا اجرا رات 12 بجے کے بعد شروع ہوجائے گا اور حکومت کی کوشش ہے کہ پیٹرول پمپس پر غیر ضروری قطاریں نہ لگیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ رجسٹریشن کا عمل گھر بیٹھے مکمل کیا جاسکے گا۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم ریلیف پیکیج کمزور طبقے کے لیے شروع کیا گیا ہے اور حکومت نے عوام کو 130 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے۔ ان کے مطابق 100 روپے فی لیٹر ریلیف کمزور طبقے کو سہولت دینے کی جانب پہلا قدم ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے کی صورتحال سب کے سامنے ہے اور پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کا تقریباً 90 فیصد درآمد کرتا ہے۔ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے سیاسی معاملات پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے دھرنوں کی کال کو کھوکھلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کو ترجیح دی ہے۔

عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر وہاں کوئی قابل ذکر منصوبہ ہے تو اسے سامنے لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کھوکھلے نعروں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔