پیر، 21-ستمبر،2026
پیر 1448/04/10هـ (21-09-2026م)

پیٹرول ریلیف اسکیم: رجسٹریشن ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کی ہدایت

15 ستمبر, 2026 12:13

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے رجسٹریشن کے دوران استعمال ہونے والی ایس ایم ایس سروس شہریوں کے لیے مفت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پیٹرول ریلیف اسکیم سے متعلق اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر عملدرآمد، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور عوام کو ریلیف کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن کے لیے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس پر صارفین سے کوئی چارج وصول نہ کیا جائے۔ انہوں نے عوام کے لیے رجسٹریشن اور ریلیف حاصل کرنے کا عمل آسان بنانے کے ساتھ ہر ممکن رہنمائی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

حکومت کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگ چی اور دیگر دو اور تین پہیوں والی سواریوں کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔ اس طرح اہل صارفین کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے تک ریلیف مل سکے گا۔

800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں اہل صارفین کو ماہانہ 3 ہزار روپے تک فائدہ ملے گا۔

اسلام آباد میں اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب سے فعال کردی گئی ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پیٹرول ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

حکومت نے رجسٹریشن کا طریقہ کار ایس ایم ایس کے ذریعے رکھا ہے تاکہ ایسے شہری بھی اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں جن کے پاس اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں۔ رجسٹریشن کے لیے درخواست گزار کو اپنے نام پر رجسٹرڈ سم سے 9771 پر مخصوص معلومات بھیجنا ہوں گی۔

رجسٹریشن کے لیے شہری کو REG کے ساتھ اپنا شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، متعلقہ صوبے کا کوڈ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ بھیجنا ہوگی۔ معلومات کی تصدیق کے بعد کامیاب درخواست گزار کو تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔

رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کے لیے صارف کو پیٹرول پمپ جانے سے پہلے TOK لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔ جواب میں موصول ہونے والا فیول ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد رعایتی قیمت پر پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے ایک مرحلے میں زیادہ سے زیادہ 5 لیٹر، یعنی 500 روپے تک کا ریلیف دیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ایک ٹوکن پر 10 لیٹر تک، یعنی ایک ہزار روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اسکیم غیر تجارتی صارفین تک محدود ہوگی اور ایک صارف یا مالک کو صرف ایک گاڑی کے لیے ریلیف ملے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ریجن میں اسکیم کے آغاز کے بعد 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں، جبکہ 42 ہزار 933 افراد کامیابی سے رجسٹر ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں اور رجسٹریشن سمیت دیگر مراحل مکمل کرنے میں شہریوں کی معاونت کریں۔ انہوں نے منتخب عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ڈیجیٹل نظام سے کم واقف شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعظم نے پیٹرول ریلیف اسکیم کے بارے میں ملک گیر آگاہی مہم مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام کو رجسٹریشن، اہلیت اور ریلیف حاصل کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔