جمعہ، 25-ستمبر،2026
جمعہ 1448/04/14هـ (25-09-2026م)

چھوٹے کاروباری طبقے کیلئے بڑا فیصلہ؛ وزیراعظم کا اہم اعلان سامنے آگیا

17 ستمبر, 2026 15:06

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں کیلئے مالی اور دیگر سہولیات بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (SMEDA) کو اس حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کا کہا ہے۔

اسلام آباد میں SMEDA کے تحت جاری اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نئی حکمت عملی کا دائرہ ملک کے تمام علاقوں تک بڑھایا جائے۔ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ہر علاقے میں سہولیات تک یکساں رسائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری افراد کو صرف مالی مدد فراہم کرنا کافی نہیں۔ انہیں تکنیکی رہنمائی اور کاروبار چلانے کیلئے ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔ SMEDA کے پروگرامز کو زیادہ سے زیادہ شعبوں اور علاقوں تک پہنچانے پر بھی توجہ دی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کو کاروبار کے زیادہ مواقع فراہم کرنے سے ان کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت بڑھے گی۔ اس مقصد کیلئے SMEDA اپنے پروگرامز کو مزید وسعت دیں۔

اجلاس میں کاروبار کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ملکی اور عالمی مارکیٹوں سے جوڑنے پر بھی زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے جدید ڈیجیٹل ذرائع کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ اس سے پاکستانی کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات بیرون ملک خریداروں تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

زراعت سے متعلق کاروبار کیلئے بھی الگ حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعظم نے زرعی پیداوار اور تجارت کے درمیان رابطے مضبوط کرنے پر زور دیا۔ اس کے ساتھ مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانے کیلئے مربوط اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں SMEDA کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کیلئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ SME مصنوعات کی برآمدات بڑھانے اور عالمی مارکیٹوں تک رسائی بہتر بنانے کیلئے بین الاقوامی طریقہ کار کے مطابق اقدامات کیے جارہے ہیں۔

SMEDA مالی معاونت، تکنیکی رہنمائی اور کاروباری سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھی کام کررہا ہے۔ حالیہ اقدامات میں نوجوانوں اور MSMEs کو مالی مواقع اور کاروباری ترقی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے مختلف اداروں کے درمیان تعاون بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نے SMEDA کو ہدایت کی کہ مالی معاونت، کاروباری افراد کی پیشہ ورانہ صلاحیت بہتر بنانے اور عالمی مارکیٹ تک رسائی کیلئے جامع حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، جام کمال خان اور احد خان چیمہ سمیت وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔