پیٹرول سبسڈی اسکیم: رجسٹریشن کا میسج مفت، طریقہ کار کیا ہے؟

State Bank Announces New Payment Method
پاکستان میں کم آمدنی اور متوسط طبقے کو پیٹرول کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے لیے جاری وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کا عمل مزید آسان کر دیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا ایس ایم ایس اب مفت بھیجا جا سکتا ہے۔
اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے اہل مالکان کو پیٹرول پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق اس پروگرام کا دائرہ پورے پاکستان کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک ہے۔
رجسٹریشن کیسے کی جائے؟
اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اپنے موبائل فون سے 9771 پر ایک ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔
پیغام میں درج ذیل معلومات فراہم کرنا ہوں گی:
REGلکھیں- اس کے بعد اسپیس دیں
- شناختی کارڈ نمبر درج کریں
- گاڑی کا نمبر پلیٹ درج کریں
- گاڑی جس صوبے میں رجسٹرڈ ہے، اس کے نام کا پہلا حرف لکھیں
- گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کریں
حکومت کے مطابق یہ پیغام 9771 پر مفت بھیجا جا سکتا ہے۔
اسکیم سے متعلق رجسٹریشن، اہلیت اور دیگر معلومات حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اردو ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔
وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کی ویب سائٹ
موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے کتنی سبسڈی؟
حکومت کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کو ایک ماہ کے دوران زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی۔
اسی طرح 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ایک ماہ میں زیادہ سے زیادہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت مقرر کی گئی ہے۔
عوامی آگاہی مہم میں تیزی کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو اسکیم کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
حکومت کے مطابق چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور انتظامیہ کو فیلڈ میں موجود رہنے اور شہریوں کو رجسٹریشن سمیت اسکیم کے دیگر مراحل میں رہنمائی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی شہریوں کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں متعلقہ حکام سے کہا گیا کہ اسکیم کے بارے میں پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم تیز کی جائے تاکہ شہری اہلیت اور رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں۔
حکومت کے مطابق اسکیم کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنا اور مستحق شہریوں کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹریشن کے عمل کو آسان رکھا جائے اور شہریوں کو اس دوران ممکنہ مشکلات کے حل کے لیے رہنمائی فراہم کی جائے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












