کیمبرج کا پاکستانی طلبہ کیلئے بڑا فیصلہ، اے لیول ریاضی کے نتائج اصل پرچوں کی بنیاد پر جاری ہوں گے

کیمبرج سسٹم کے اسکولوں کے طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے پاکستانی طلبہ کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اے لیول ریاضی (9709 پیپر 52) کے نتائج اصل امتحانی جوابات کی بنیاد پر جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جون 2026 میں لیک ہونے والے پرچوں کے معاملے پر تحقیقات کے بعد کیمبرج نے اے لیول ریاضی کے لیے تخمینہ شدہ نمبروں کی بنیاد پر نتائج جاری کرنے کا سابقہ فیصلہ واپس لے لیا۔
کیمبرج کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ پاکستان میں ریاضی کے لیک شدہ پرچے تک رسائی محدود رہی اور اس لیکیج سے مجموعی نتائج متاثر نہیں ہوئے، اس لیے امیدواروں کو ان کے اصل امتحانی جوابات کے مطابق گریڈ دیے جائیں گے۔
دوسری جانب اے ایس لیول کمپیوٹر سائنس کے نتائج پہلے سے طے شدہ تخمینہ شدہ نمبروں کی بنیاد پر جاری کیے جائیں گے۔
کیمبرج کے مطابق کمپیوٹر سائنس کا پرچہ امتحان سے قبل بڑے پیمانے پر گردش میں آیا تھا، جس کے باعث امیدواروں کے نتائج کے لیے متبادل طریقہ اختیار کیا گیا۔
کیمبرج کا کہنا ہے کہ تخمینہ شدہ نمبروں کا نظام دیانت دار طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر منصفانہ فائدے کو روکا جا سکے۔
ادارے کے مطابق تخمینہ شدہ نمبروں کا طریقہ تحقیقی بنیادوں پر تیار کیا گیا ہے اور دنیا بھر کی جامعات اس نظام کو تسلیم کرتی ہیں۔
کیمبرج نے بتایا کہ نومبر 2026 میں دوبارہ امتحان دینے والے امیدواروں سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ جن طلبہ کو تخمینہ شدہ نمبروں کی بنیاد پر نتائج دیے گئے ہیں، وہ بلا معاوضہ دوبارہ امتحان دے سکیں گے۔
دوبارہ امتحان کے بعد امیدوار اپنے دونوں نتائج میں سے بہتر نتیجہ منتخب کر سکیں گے۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











