نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے اور پالیسی کے تحت جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو نوجوانوں کی تربیت، ہنرمندی اور ملکی و بیرون ملک روزگار کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس پالیسی پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے درمیان تعاون کو ضروری قرار دیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اس دوران پالیسی کے تحت کیے جانے والے اقدامات، نوجوانوں کو فراہم کیے جانے والے مواقع اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم نے نے کہا کہ خواتین کو جدید ہنر اور ضروری تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ ملازمت کے ساتھ ساتھ اپنے لیے روزگار کے نئے راستے بھی پیدا کرسکیں۔
شہباز شریف نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام علاقوں کے نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
اجلاس میں نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی طلب کے مطابق مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ مطلوبہ زبانوں میں مہارت پیدا کرنے پر بھی کام کیا جارہا ہے تاکہ بیرون ملک ملازمت حاصل کرنے والے نوجوان بہتر انداز میں کام کرسکیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹک) عالمی سطح کے سرٹیفکیشن اور زبان کی مہارت کے لیے بھی اقدامات کررہا ہے۔ اس کا مقصد نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور انہیں عالمی روزگار کی ضروریات کے مطابق تیار کرنا ہے۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز کے قیام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ان سیلز کے ذریعے طلبہ کو ہنر، روزگار اور کیریئر کے مواقع سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم نے پالیسی سے نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ حکومت کا مقصد نوجوانوں تک روزگار، تربیت اور ہنرمندی کے مختلف پروگراموں کی معلومات پہنچانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نوجوان پاکستان کی معیشت اور مستقبل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے ہنرمندی، تربیت اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے ذریعے نوجوانوں کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











