بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

سانس کی بیماری (دمہ) سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟ ماہرین نے آسان حل بتا دیا

06 مئی, 2026 10:55

دمہ ایک ایسی بیماری ہے جس میں مریض کو سانس لینے میں دشواری پیش آتی ہے اور سینے میں جکڑن محسوس ہوتی ہے۔ یہ دنیا بھر میں عام بیماریوں میں شمار کی جاتی ہے اور اندازاً 30 کروڑ سے زائد افراد اس کا شکار ہیں۔

ماہرین کے مطابق دمہ ایک دائمی مرض ہے لیکن مناسب دیکھ بھال اور علاج سے اسے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے پلمونولوجی کے ماہر ڈاکٹر فیصل اسد نے بتایا کہ دمہ دراصل سانس کی نالیوں میں سوزش کی وجہ سے ہوتا ہے۔ جب نالیاں سکڑ جاتی ہیں تو مریض کو سانس لینے میں مشکل، کھانسی، سینے میں دباؤ اور سانس کے دوران سیٹی جیسی آواز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بیماری کی بڑی وجوہات میں فضائی آلودگی، گرد و غبار، پولن، سگریٹ نوشی، ویپنگ، کیمیکل اسپرے اور موسم کی اچانک تبدیلی شامل ہیں۔ دمہ زیادہ تر بچپن میں شروع ہوتا ہے لیکن یہ عمر بھر ساتھ رہ سکتا ہے، تاہم مناسب علاج سے مریض نارمل زندگی گزار سکتا ہے۔

ڈاکٹر فیصل اسد کے مطابق جدید دور میں انہیلر دمہ کے علاج کا سب سے مؤثر اور محفوظ طریقہ ہے۔ اس کے ذریعے دوا براہِ راست پھیپھڑوں تک پہنچتی ہے اور اس کے سائیڈ ایفیکٹس نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ انہیلر کے استعمال سے کسی قسم کی عادت یا نقصان کا تصور غلط ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت تشخیص، احتیاط اور باقاعدہ علاج سے دمہ کو مکمل طور پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے، جس سے مریض ایک نارمل اور فعال زندگی گزار سکتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔