جمعہ، 8-مئی،2026
جمعہ 1447/11/21هـ (08-05-2026م)

نوجوانوں میں دل کے دورہ پڑنے کے کیسز میں اضافے کی وجہ سامنے آگئی

08 مئی, 2026 10:37

ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نیند کی کمی اور بے ترتیب نیند کا معمول دل کی بیماریوں اور ہارٹ اٹیک کے بڑھتے ہوئے کیسز کی ایک بڑی وجہ بن سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق جدید دور میں لوگوں کی روزمرہ عادات بدل گئی ہیں۔ دیر سے سونا، کم نیند لینا اور غیر متوازن روٹین عام ہو چکی ہے۔ اس وجہ سے ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، فالج اور دل کی بیماریوں جیسے امراض میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پہلے یہ بیماریاں زیادہ تر بڑی عمر کے افراد میں پائی جاتی تھیں، لیکن اب نوجوان بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں۔

یونیورسٹی آف اوولو کی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ دیر سے سوتے ہیں اور مناسب نیند نہیں لیتے، ان میں دل کے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس تحقیق میں 40 افراد کے سونے کے انداز کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ غیر منظم نیند ہارٹ اٹیک کے خطرے کو دوگنا کر سکتی ہے۔

مزید تحقیق میں ہزاروں افراد کو 10 سال سے زائد عرصے تک فالو کیا گیا۔ نتائج کے مطابق جو افراد روزانہ 8 گھنٹے سے کم نیند لیتے ہیں، ان میں دل کے دورے اور فالج کا خطرہ تقریباً دوگنا ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی جسم کے ہارمونز، بلڈ پریشر اور سوزش کے نظام پر برا اثر ڈالتی ہے، جس سے دل کمزور ہو سکتا ہے۔

دل کے ماہرین نے نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی نیند کا ایک باقاعدہ شیڈول بنائیں۔ روز ایک ہی وقت پر سونا اور جاگنا صحت کیلئے بہت ضروری ہے۔ اس سے نہ صرف دل کی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے بلکہ جسمانی اور ذہنی صحت بھی بہتر رہتی ہے۔

ڈاکٹروں نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ سونے سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ٹی وی کا استعمال کم کر دیا جائے۔ اسکرین کی روشنی نیند کے معیار کو متاثر کرتی ہے اور دماغ کو دیر سے سونے پر مجبور کرتی ہے۔

اس کے علاوہ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ سونے سے پہلے بھاری اور مرچ مصالحے والی غذا سے پرہیز کیا جائے۔ شام 4 بجے کے بعد چائے اور کافی کا استعمال بھی کم کرنا چاہیے کیونکہ کیفین نیند کے قدرتی نظام کو متاثر کرتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نوجوان اپنی نیند اور روزمرہ عادات کو بہتر بنا لیں تو دل کی بیماریوں کے خطرات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔