پیر، 6-جولائی،2026
پیر 1448/01/21هـ (06-07-2026م)

اچھی صحت کیلئے کھانا کھانے کا بہترین وقت کیا ہے؟ نئی تحقیق سامنے آگئی

06 جولائی, 2026 14:55

اچھی غذا صحت مند زندگی کی بنیاد سمجھی جاتی ہے، لیکن اب نئی طبی تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ صرف صحت بخش کھانا کافی نہیں بلکہ کھانے کا درست وقت بھی بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔

امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق جو طبی جریدے نیچر ایجنگ میں شائع ہوئی، میں بتایا گیا ہے کہ کیلوریز کی مقدار محدود رکھنے اور رات گئے کھانے سے پرہیز کرنے کے ساتھ ساتھ دن میں کھانے کا وقت بھی انسانی صحت پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ یہ عادت جسم کے نظام کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتی ہے۔

تحقیق یو ٹی ساؤتھ ویسٹرن میڈیکل سینٹر کے سائنسدانوں نے کی۔ ان کے مطابق جسم کی اندرونی حیاتیاتی گھڑی یا باڈی کلاک کے مطابق کھانا کھانے سے عمر بڑھنے کے باوجود صحت بہتر رہ سکتی ہے۔ اس سے جسم بیماریوں کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنے کے قابل بنتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران 528 صحت مند چوہوں پر تجربات کیے گئے۔ ابتدا میں انہیں آٹھ ہفتوں تک جب چاہا کھانا دیا گیا۔ اس کے بعد انہیں مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو پہلے کی طرح ہر وقت کھانے کی اجازت دی گئی، جبکہ دوسرے گروپ کو روزانہ صرف مخصوص وقت کے اندر ہی تمام غذا فراہم کی گئی۔

محققین نے ان چوہوں کی پوری زندگی کے دوران صحت، وزن اور مختلف بیماریوں کا جائزہ لیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جن چوہوں نے اپنی روزانہ کی غذا آٹھ گھنٹوں کے اندر کھائی، ان کی اوسط عمر تقریباً 12 فیصد زیادہ رہی۔ اس کے ساتھ ان میں موٹاپے، دائمی بیماریوں اور جسمانی کمزوری کا خطرہ بھی نمایاں حد تک کم دیکھا گیا۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ اگر تمام کھانا 12 گھنٹوں کے اندر بھی کھایا جائے تو صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اگرچہ آٹھ گھنٹے کا وقت زیادہ فائدہ مند ثابت ہوا، لیکن 12 گھنٹے کے اندر کھانا مکمل کرنا بھی بہتر نتائج دیتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ کیلوریز کم استعمال کرنے سے بڑھاپے میں ہونے والی کئی خطرناک بیماریوں کا خطرہ تقریباً 50 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔ ان بیماریوں میں کینسر، دل کے امراض اور دماغی تنزلی شامل ہیں۔ اسی طرح رات دیر سے کھانے کے بجائے شام یا رات کے ابتدائی حصے میں کھانا کھانے سے مختلف بیماریوں کا خطرہ تقریباً 35 فیصد تک کم ہونے کا امکان بھی سامنے آیا۔

محققین کے مطابق گزشتہ ایک صدی کے دوران انسان کی اوسط عمر میں نمایاں اضافہ ضرور ہوا ہے، لیکن اس کے باوجود زیادہ تر افراد اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ مختلف دائمی بیماریوں کے ساتھ گزارتے ہیں۔ اسی لیے صرف لمبی عمر نہیں بلکہ صحت مند عمر بھی اہم ہے۔

تحقیق کرنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ تجربات چوہوں پر کیے گئے ہیں، لیکن ابتدائی شواہد انسانوں کے لیے بھی امید افزا ہیں۔ ان کے مطابق ناشتے کے بعد تقریباً 12 گھنٹوں کے اندر دن بھر کی غذا مکمل کرنا صحت کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے انسانوں پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ حتمی نتائج سامنے آ سکیں۔

صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن غذا، مناسب مقدار میں کیلوریز، بروقت کھانا، روزانہ ورزش اور اچھی نیند ایک صحت مند زندگی کے لیے بنیادی اصول ہیں۔ اگر یہ عادات روزمرہ زندگی کا حصہ بن جائیں تو بڑھتی عمر میں بھی جسم کو تندرست رکھنا نسبتاً آسان ہو سکتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔