پیر، 17-اگست،2026
پیر 1448/03/04هـ (17-08-2026م)

عمر بڑھتے ہی چلنا کیوں مشکل ہو جاتا ہے؟ ماہرین نے بڑی وجہ بتا دی

17 اگست, 2026 12:30

عمر میں اضافہ ایک قدرتی عمل ہے جسے روکنا ممکن نہیں، تاہم کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ چلنے کی رفتار سست اور تھکاوٹ جلد کیوں محسوس ہونے لگتی ہے؟

ایک نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ آسٹریلیا کی فلینڈرز یونیورسٹی اور کینبرا یونیورسٹی کے محققین نے جاننے کی کوشش کی کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انسان کے چلنے کے انداز اور رفتار میں تبدیلی کیوں آتی ہے۔

تحقیق میں دریافت ہوا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انسانی جسم رفتار کے بجائے تحفظ اور جسمانی استحکام کو زیادہ ترجیح دینے لگتا ہے۔ جسم کا اعصابی نظام گرنے کے خطرے کو کم کرنے اور سیدھا رہنے کو ترجیح دیتا ہے، جس کے نتیجے میں چلنے کی رفتار متاثر ہوتی ہے۔

تحقیق میں 26 سے 86 سال کی عمر کے 107 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا۔ ماہرین نے ان کی جسمانی حرکات کا تجزیہ کیا اور معلوم کیا کہ عمر کے ساتھ ہر قدم کے دوران ٹخنوں اور دیگر مسلز کی حرکت میں نمایاں تبدیلیاں آتی ہیں۔

محققین کے مطابق ٹخنے جسمانی توازن برقرار رکھنے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ عمر بڑھنے کے ساتھ جسم افادیت کے بجائے استحکام کو ترجیح دینے لگتا ہے، جس سے انسان کو سیدھا کھڑے رہنے میں مدد ملتی ہے، تاہم چلنے کے لیے زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے۔

تحقیق کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ معمر افراد ٹخنوں کے گرد موجود مسلز کو نسبتاً مختلف انداز میں حرکت دیتے ہیں۔ اس حکمت عملی کے نتیجے میں ٹخنوں کے جوڑ زیادہ سخت ہوجاتے ہیں، جس سے توازن بہتر رہتا ہے اور گرنے کا خطرہ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

تاہم اس عمل کی ایک قیمت بھی ہے۔ مسلز کو زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، جس کے باعث تھکاوٹ جلد محسوس ہوتی ہے اور چلنے کی رفتار بھی کم ہوجاتی ہے۔

محققین کے مطابق عمر میں اضافے کے ساتھ اعصابی نظام جسمانی کارکردگی سے زیادہ تحفظ اور استحکام کو ترجیح دینے لگتا ہے۔ یہی تبدیلی چلنے کے انداز میں نمایاں فرق پیدا کرتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدہ ورزش اور جسمانی سرگرمی کو معمول کا حصہ بنانا عمر بڑھنے کے ساتھ جسمانی حرکت برقرار رکھنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔ ایسی ورزشیں جو توازن اور مسلز کی مضبوطی بہتر بنائیں، جسمانی استحکام کے لیے خاص طور پر مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔

تحقیق کے نتائج سائنسی جرنل Gait میں شائع ہوئے ہیں۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔