سیڑھیاں چڑھنے کی عادت کا ایک اور حیران کن فائدہ دریافت

اگر آپ زیادہ عرصے تک صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو روزمرہ معمولات میں سیڑھیاں چڑھنے کو شامل کرنا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں اس عادت کو دل کی صحت اور قبل از وقت موت کے کم خطرے سے جوڑا گیا ہے۔
ایسٹ انگلیا یونیورسٹی، نورفوک یونیورسٹی اور ناروک یونیورسٹی ہاسپٹل کے محققین کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت سے دل اور خون کی شریانوں سے متعلق امراض، بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج، کے باعث موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوسکتا ہے۔
محققین نے 9 سابقہ تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا، جن میں مجموعی طور پر تقریباً 4 لاکھ 80 ہزار افراد شامل تھے۔ ان افراد کی عمریں 35 سے 84 سال کے درمیان تھیں اور ان کی صحت کا جائزہ 14 سال تک لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ سیڑھیاں چڑھنے کو معمول بنانے والے افراد میں دل سے متعلق امراض کے باعث موت کا خطرہ 39 فیصد تک کم تھا، جبکہ کسی بھی وجہ سے موت کے خطرے میں 24 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ سیڑھیاں چڑھنے والے افراد میں دل کے مختلف امراض، بشمول فالج اور ہارٹ فیلیئر، کا خطرہ بھی کم ہوسکتا ہے۔
محققین کے مطابق دنیا بھر میں امراض قلب اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں اور 1990 سے 2019 کے دوران ان کے کیسز میں تقریباً دوگنا اضافہ ہوا۔ ان کے بقول صحت مند طرز زندگی، باقاعدہ جسمانی سرگرمی، متوازن غذا، تمباکو نوشی سے گریز اور جسمانی وزن کو مناسب سطح پر رکھنے کے ساتھ بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور ذیابیطس کو کنٹرول میں رکھنا امراض قلب کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیڑھیاں چڑھنا ایسی جسمانی سرگرمی ہے جسے جم جانے یا باقاعدہ ورزش کے لیے الگ وقت نکالے بغیر روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ گھر، دفتر یا دیگر مقامات پر لفٹ کے بجائے سیڑھیوں کا انتخاب جسمانی سرگرمی میں اضافہ کرنے کا آسان طریقہ ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق سیڑھیاں چڑھنے کی مقدار میں اضافے کے ساتھ صحت کے فوائد بھی بڑھ سکتے ہیں، تاہم تھوڑی مقدار میں یہ سرگرمی بھی جسمانی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے۔
تحقیق کے نتائج American Journal of Cardiovascular Drugs میں شائع ہوئے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









