بادام کھانے سے دماغی صحت اور بلڈ شوگر کنٹرول میں بہتری، تحقیق

What Diseases Can You Protect Yourself From by Eating Almonds Daily?
بادام کو ویسے ہی کھایا جائے، کھانے میں شامل کیا جائے یا پیس کر استعمال کیا جائے، یہ غذائیت سے بھرپور گری ہے۔
ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ بادام کا باقاعدہ استعمال ہائی بلڈ شوگر والے افراد کی دماغی کارکردگی اور میٹابولک صحت کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔
یہ تحقیق دی جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئی۔ تحقیق میں 40 سے 60 سال کی عمر کے 60 افراد کو شامل کیا گیا، جن کا بلڈ شوگر معمول سے زیادہ تھا، تاہم وہ ٹائپ 2 ذیابیطس کا شکار نہیں تھے۔
محققین نے شرکا کو دو گروپوں میں تقسیم کیا۔ ایک گروپ کو 6 ماہ تک روزانہ 28 سے 40 گرام بادام دیے گئے، جبکہ دوسرے گروپ نے بادام استعمال نہیں کیے۔
6 ماہ بعد شرکا کی دماغی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ خون کے نمونوں کے ذریعے بلڈ شوگر، انسولین کے عمل، جسم میں سوزش اور خلیاتی دباؤ جیسے عوامل بھی دیکھے گئے۔
نتائج میں معلوم ہوا کہ بادام استعمال کرنے والے افراد نے دماغی کارکردگی کے بعض ٹیسٹوں میں بہتر نتائج دیے۔ ان میں معلومات کو سمجھنے اور ردعمل دینے کی رفتار بھی بہتر دیکھی گئی۔
تحقیق کے مطابق بادام استعمال کرنے والے افراد کے وزن اور بلڈ شوگر کنٹرول میں بھی مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ بادام میں موجود فائبر، پروٹین، صحت مند چکنائیاں، میگنیشیم اور اینٹی آکسیڈنٹس اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہائی بلڈ شوگر اور انسولین کی مزاحمت جسم کے مختلف حصوں کے ساتھ دماغی افعال کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ متوازن غذا کے ذریعے میٹابولک صحت بہتر رکھنے سے دماغی صحت کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
تاہم محققین نے واضح کیا کہ یہ تحقیق محدود پیمانے پر کی گئی اور اس میں صرف 60 افراد شامل تھے۔ اس لیے نتائج کو حتمی قرار نہیں دیا جا سکتا اور مزید بڑی تحقیقات کی ضرورت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بادام کے ساتھ پھل، سبزیاں، دیگر گریاں اور غذائیت سے بھرپور کھانے روزمرہ خوراک کا حصہ بنانا مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










