جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں؟ تو ناشتے میں اس غذا کا استعمال لازم کریں

ناشتے میں انڈا کھانا بہت سے لوگوں کی روزمرہ عادت ہے۔ اب ایک نئی طبی تحقیق میں انڈے کے استعمال اور جسمانی وزن کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔ تحقیق کے مطابق ہفتے میں کم از کم پانچ دن انڈے کھانے والے افراد کا جسمانی وزن اور جسم میں چربی کی مقدار نسبتاً کم ہوسکتی ہے۔
اس تحقیق کا تعلق اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق سے ہے، جس کے نتائج جرنل کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔ محققین نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ انڈے کھانے کی عادت کا نوجوان افراد کے جسمانی وزن اور چربی پر کیا اثر پڑتا ہے۔
تحقیق میں 18 سے 30 سال کی عمر کے 355 افراد کو شامل کیا گیا۔ شرکا سے ان کی غذائی عادات کے بارے میں مختلف سوالات کیے گئے۔ خاص طور پر یہ دیکھا گیا کہ وہ کتنی مرتبہ انڈے کھاتے ہیں اور ان کی خوراک کا جسمانی وزن سے کیا تعلق بنتا ہے۔
نتائج میں سامنے آیا کہ جو افراد ہفتے میں کم از کم پانچ دن انڈے کھاتے تھے، ان کا جسمانی وزن ان لوگوں کے مقابلے میں کم تھا جو باقاعدگی سے انڈے نہیں کھاتے تھے۔ ایسے افراد کے جسم میں چربی کی مقدار بھی نسبتاً کم دیکھی گئی۔
محققین نے یہ بھی نوٹ کیا کہ انڈے کم کھانے والے افراد میں کمر اور پیٹ کے حجم میں اضافے کا امکان زیادہ تھا۔ اس مشاہدے سے اندازہ ہوتا ہے کہ انڈے کا استعمال جسمانی ساخت اور وزن کو برقرار رکھنے میں ایک کردار ادا کرسکتا ہے۔
تحقیق میں انڈے میں موجود پروٹین کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ انڈا پروٹین کا اچھا ذریعہ ہے اور پروٹین والی غذا زیادہ دیر تک پیٹ بھرا رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ اس وجہ سے کھانے کے درمیان غیر ضروری بھوک اور اضافی خوراک لینے میں کمی آسکتی ہے۔
محققین کے مطابق ہفتے میں کم از کم پانچ مرتبہ انڈے کھانے کی عادت صحت مند جسمانی وزن برقرار رکھنے میں مددگار ہوسکتی ہے۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ صرف انڈے کھانے سے وزن کم ہوجائے گا۔ مجموعی خوراک، جسمانی سرگرمی، نیند اور روزمرہ طرز زندگی بھی وزن پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











