اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

پنجاب میں گلائیکوسٹنگ انجیکشن کے مخصوص بیچز کے استعمال پر فوری پابندی

17 ستمبر, 2026 09:19

لاہور: پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر اور ڈائریکٹوریٹ جنرل ڈرگز کنٹرول نے گلائیکوسٹنگ انجیکشن کے مخصوص بیچز کے استعمال اور فروخت پر فوری پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے الرٹ نمبر 131/2026 جاری کیا گیا ہے، جس میں باجوہ فارماسوٹیکلز کے تیار کردہ ’’گلائیکوسٹنگ انجیکشن 1 ملی لیٹر‘‘ (Glycosting Injection 1 mL) کے استعمال سے متعلق اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق مذکورہ انجیکشن، جس کا رجسٹریشن نمبر 085880 ہے، کے بعض بیچز کے استعمال کے بعد مریضوں میں دل کی دھڑکن خطرناک حد تک سست ہونے سمیت شدید منفی اثرات سامنے آئے ہیں۔

عوامی صحت کے تحفظ کے پیش نظر جن بیچز کی فروخت، فراہمی اور استعمال روکنے کی ہدایت کی گئی ہے، ان میں BFG11، BBG12، ALG12، BGG11، GS0525، GS0625، GS0825، GS0725 اور GS0925 شامل ہیں۔

ڈرگ انسپکٹرز، اسپتالوں، فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ بیچز کا موجود اسٹاک فوری طور پر الگ کرکے ان کی فروخت اور سپلائی روک دی جائے۔

محکمہ صحت نے مریضوں اور عام شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ بیچز کا استعمال نہ کریں۔ کسی بھی غیر معمولی یا ناخوشگوار ردِعمل کی صورت میں متعلقہ پروونشل فارماکوویجیلنس سینٹر یا میڈیسن سرویلنس سسٹم کو فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق الرٹ کا مقصد متاثرہ بیچز کو مارکیٹ اور طبی استعمال سے فوری طور پر الگ کرنا اور مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔