جمعرات، 2-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

پراپرٹی ٹرانسفر سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

01 جنوری, 2026 11:21

پنجاب حکومت نے زمینوں کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے اور جعلی انتقالات کے خاتمے کے لیے ایک اہم قدم اٹھا لیا ہے۔

 اب صوبے بھر میں زبانی لین دین پر زمین کی فرد یا انتقال کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے کا مقصد زمینوں کے تنازعات، جعل سازی اور فراڈ جیسے مسائل کا مستقل حل نکالنا ہے۔

بورڈ آف ریونیو پنجاب کے مطابق یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے۔ نئے قواعد کے تحت زمین کا انتقال صرف رجسٹرڈ دستاویز کی بنیاد پر ہی ممکن ہوگا۔ کسی بھی زبانی بیان، دعوے یا غیر تحریری معاہدے کو اب قابلِ قبول نہیں سمجھا جائے گا۔

اس حوالے سے پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی متعلقہ دفعات کے تحت باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ وراثت کے معاملات کے علاوہ ہر قسم کے انتقال کے لیے رجسٹرڈ دستاویز لازمی ہوگی۔ خرید و فروخت، رہن، تبادلہ یا ہبہ صرف اسی صورت میں تسلیم کیا جائے گا جب وہ رجسٹریشن ایکٹ 1908 کے تحت باقاعدہ رجسٹرڈ ہو۔

حکام کے مطابق سادہ اسٹامپ پیپر یا غیر رجسٹرڈ معاہدے کی بنیاد پر کوئی انتقال درج نہیں کیا جا سکے گا۔ تمام ریونیو افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عمل کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

بورڈ آف ریونیو نے مزید بتایا کہ اس فیصلے سے زمینوں کے ریکارڈ میں شفافیت آئے گی اور شہریوں کو قانونی تحفظ ملے گا۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اس نوٹیفکیشن پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔