پیر، 29-جون،2026
پیر 1448/01/14هـ (29-06-2026م)

افغان ناظم الامور دفتر خارجہ طلب، کراچی حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے پر ڈیمارش جاری

29 جون, 2026 15:10

پاکستان نے کراچی دہشت گرد حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے پر افغان طالبان حکومت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت ڈیمارش جاری کر دیا۔

کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان نے سخت سفارتی ایکشن لیتے ہوئے افغان طالبان حکومت سے شدید ترین احتجاج کیا ہے۔

اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے افغان ناظم الامور کو طلب کر کے ان کے ہاتھ ایک سخت سفارتی احتجاجی مکتوب یعنی ڈیمارش جاری کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی، کابل میں متعین پاکستانی سفیر نے بھی افغان وزارت خارجہ جا کر اس مجرمانہ کارروائی پر پاکستان کا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی رینجرز کیمپ حملے میں شہید سپاہی اللہ دتہ میاں چنوں میں سپرد خاک

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کراچی حملے میں افغان شہری براہِ راست ملوث تھے، جن میں سے ایک دہشت گرد کو زندہ گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

دفتر خارجہ نے اپنے مؤقف میں واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ہونا پاکستان کے لیے کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر ہونی والی دہشت گردی میں افغان شہریوں کی یہ شمولیت انتہائی تشویشناک ہے، جس پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔

پاکستان نے افغان طالبان حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سر زمین پر موجود ان دہشت گرد عناصر اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف فوری و مؤثر عسکری کارروائی کریں۔

دفتر خارجہ نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی حدود سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے ہر ممکنہ اور سخت ترین اقدامات مسلسل جاری رکھے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔