فیفا نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کی جانب سے سیاسی بینر لہرانے پر تحقیقات شروع کر دیں

فیفا نے ارجنٹینا کے فٹ بال کھلاڑیوں کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل جیتنے کے بعد اسٹیڈیم میں سیاسی بینر لہرانے پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ارجنٹینا کی فٹ بال ٹیم نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد میدان میں ایک بڑا سیاسی بینر لہرایا جس پر لکھا تھا کہ ’’فالکلینڈز ارجنٹینا کا حصہ ہیں‘‘۔
اس اقدام پر برطانیہ میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے اور برطانوی حکومت نے فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا سے اس کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، جس پر فیفا کی تادیبی کمیٹی نے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
فیفا قوانین کے تحت اسٹیڈیم میں کسی بھی قسم کے سیاسی، نظریاتی، مذہبی یا جارحانہ پیغامات پر مبنی بینرز لہرانے پر سخت پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں 5 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کینیڈا کے جنگلات کی آگ کا دھواں نیویارک کے ورلڈ کپ اسٹیڈیم پر چھا گیا، میچ میں خلل کا خدشہ
برطانیہ کے بزنس منسٹر پیٹر کائل نے اسے فیفا قوانین کی بدترین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہیے اور فالکلینڈ پر برطانوی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب ارجنٹینا کے صدر جیویر مائلئی نے اپنے کھلاڑیوں کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے اسے درست قرار دیا اور کہا ہے کہ یہ ہر ارجنٹائن شہری کے دل کی آواز ہے۔
اس تنازعے نے اس وقت مزید طول پکڑ لیا، جب ارجنٹینا کی نائب صدر وکٹوریہ ولاروئیل نے میچ سے قبل برطانوی شہریوں کو لٹیرا قزاق قرار دیا، جبکہ ارجنٹینا کی حکومت نے فالکلینڈ جزائر کے قریب برطانوی جنگی جہاز کی موجودگی پر برطانوی سفیر کو باقاعدہ احتجاجی مراسلہ بھی بھیج دیا ہے۔
واضح رہے کہ 1982 میں برطانیہ اور ارجنٹینا کے درمیان فالکلینڈ جزائر پر مختصر جنگ ہوئی تھی، جس میں 649 ارجنٹائن اور 255 برطانوی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












