جمعہ، 24-اپریل،2026
جمعہ 1447/11/07هـ (24-04-2026م)

پاکستانی نوجوان کا کمال، ایلون مسک کی اسپیس ایکس نے اے آئی اسٹارٹ اپ کرسر خریدنے کیلئے 60 ارب ڈالر کی پیشکش کر دی

23 اپریل, 2026 21:00

مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنی “کرسر” نے بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ایلون مسک کی خلائی کمپنی سے ایک بڑے معاہدے کی منظوری حاصل کر لی ہے، جس کی مالیت 60 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

یہ کمپنی پاکستانی نژاد انٹرپرینیور صالح آصف نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر قائم کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ سال کے آخر تک “کرسر” کو 60 ارب ڈالر میں خریدنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔

اگر یہ خریداری مکمل نہ ہو سکی تو معاہدے کے تحت اسپیس ایکس کو مشترکہ منصوبوں کے بدلے 10 ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ دونوں ادارے مل کر جدید مصنوعی ذہانت کے ایسے نظام تیار کریں گے جو کمپیوٹر کوڈ لکھنے کے عمل کو مزید تیز اور آسان بنا دیں گے۔

صالح آصف کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم نکسر کالج سے حاصل کی جبکہ بعد میں اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا کا رخ کیا۔ وہ بین الاقوامی سطح پر ریاضی کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

تعلیم کے دوران انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر یہ اسٹارٹ اپ شروع کیا، جس نے “کرسر” نامی اے آئی ٹول تیار کیا۔ یہ ٹول خودکار انداز میں کوڈ لکھنے اور اسے بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کی سالانہ آمدن ایک ارب ڈالر سے زائد ہو چکی ہے اور یہ دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل ہے۔ اس کے صارفین میں ہزاروں کمپنیاں اور لاکھوں ڈیولپرز شامل ہیں۔

سابق وفاقی وزیر عمر سیف نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صالح آصف جیسے نوجوان پاکستان کے لیے ایک مثبت مثال ہیں جو اپنی محنت اور صلاحیت سے عالمی سطح پر پہچان بنا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نومبر 2025 میں کمپنی کی مجموعی مالیت تقریباً 29 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جو اس کی تیز رفتار ترقی کی واضح علامت ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔