جمعہ، 8-مئی،2026
جمعہ 1447/11/21هـ (08-05-2026م)

موبائل فون پر ٹیکس سے متعلق بڑی خبر آگئی

08 مئی, 2026 09:07

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ موبائل فون پر عائد پی ٹی اے ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ حکومت مختلف معاشی مسائل کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلئے کئی تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے۔ موبائل فون ٹیکس سے متعلق عوام اور اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ملکی حالات کے باعث حکومت کو ایسے فیصلے بھی کرنا پڑتے ہیں جو عوام کیلئے مشکل بن جاتے ہیں۔ تاہم اب کوشش کی جا رہی ہے کہ بیرون ملک سے پاکستان آنے والے شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔ موبائل فون پر پی ٹی اے ٹیکس ختم کرنے یا اس میں نرمی کی تجویز زیر غور ہے اور متعلقہ ادارے اس معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک سے لائے گئے موبائل فون چند ہفتوں بعد خودکار نظام کے تحت بلاک ہو جاتے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ فون پاکستان کے نیٹ ورک میں رجسٹر نہیں ہوتے۔ شہریوں کو فون فعال رکھنے کیلئے بھاری ٹیکس اور رجسٹریشن فیس ادا کرنا پڑتی ہے، جس پر اکثر اوورسیز پاکستانی تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات دینا حکومت کی ترجیح ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔