اسرائیل کا چیٹ جی پی ٹی کے جوابات اپنے حق میں تبدیل کرنے کا پروجیکٹ 545

اسرائیلی وزارت خارجہ نے امریکی رائے عامہ کو تبدیل کرنے کے لیے 145 ملین ڈالر کی لاگت سے پروجیکٹ 545 شروع کیا ہے، جس کا مقصد انٹرنیٹ پر اسرائیل کے حق میں مواد تیار کرنا اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ہے۔
اسرائیل کو اس وقت عالمی سطح پر، خاص طور پر امریکہ میں، شدید سفارتی اور اخلاقی دباؤ کا سامنا ہے۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق 47 فیصد امریکیوں کا ماننا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
اس عوامی تاثر کو بدلنے کے لیے اسرائیلی وزارت خارجہ نے 145 ملین ڈالر کا خطیر بجٹ مختص کر کے پروجیکٹ 545 نامی ایک مہم شروع کی ہے۔
اس پروگرام کا نام اس کے 545 ملین شیکل کے بجٹ پر رکھا گیا ہے، جس کا بنیادی ہدف مصنوعی ذہانت اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے ذریعے امریکی عوام تک اسرائیل نواز پروپیگنڈا پہنچانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو ایران جنگ پر مجبور کیا، سابق امریکی نائب صدر
اس منصوبے کے تحت ایک نجی کمپنی کلاک ٹاور ایکس کو 60 لاکھ ڈالر سے زائد کی ادائیگی کی گئی ہے۔ یہ کمپنی ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق ڈیجیٹل مہم مینیجر بریڈ پاسکل چلا رہے ہیں۔
اگرچہ کاغذات میں اس کا مقصد اینٹی سیمیٹزم کا مقابلہ کرنا بتایا گیا ہے، لیکن درحقیقت اس کا کام مصنوعی ذہانت کے پروگراموں، جیسے کہ چیٹ جی پی ٹی، کے نتائج کو متاثر کرنا ہے۔
اس مقصد کے لیے 11 ایسی نیوز ویب سائٹس کا نیٹ ورک بنایا گیا ہے، جو بظاہر آزاد لگتی ہیں لیکن وہ براہ راست اسرائیل کے لیے کام کر رہی ہیں۔
یہ سائٹس روزانہ سینکڑوں مضامین شائع کرتی ہیں، جنہیں مصنوعی ذہانت کے انجن اپنے ڈیٹا کا حصہ بناتے ہیں، اور جب کوئی صارف اسرائیل کے بارے میں سوال کرتا ہے تو اسے وہی جواب ملتا ہے، جس کے لیے اسرائیل نے رقم ادا کی ہوتی ہے۔
اس نئی تکنیک کو جنریٹو انجن آپٹیمائزیشن کا نام دیا گیا ہے، جو مصنوعی ذہانت کے دور میں پروپیگنڈا پھیلانے کا جدید ترین طریقہ ہے۔
اس منصوبے کا 80 فیصد مواد خاص طور پر نئی نسل یعنی جنریشن زی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، جو ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور یوٹیوب کا استعمال کرتے ہیں۔
اسرائیل کا ہدف ہر ماہ 5 کروڑ سے زائد افراد تک اپنا یہ من گھڑت بیانیہ پہنچانا ہے تاکہ نسل کشی کے الزامات سے توجہ ہٹائی جا سکے اور امریکی نوجوانوں کے ذہنوں کو بدلا جا سکے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












