آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول، حقیقت زمینی صورتحال سے دیکھی جانی چاہئے، امریکی اعلانات سے نہیں، ایرانی کمانڈر

ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمائی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز بند ہے اور اس اہم آبی گزرگاہ میں ہونے والی تمام نقل و حرکت پر ایران کا مکمل کنٹرول ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق ریئر ایڈمرل علی عظمائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ہونے والی کسی بھی قسم کی نقل و حرکت پاسداران انقلاب کی بحریہ کے اہلکاروں کی نظروں سے اوجھل نہیں ہے۔
ایرانی کمانڈر نے امریکی حکام کے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال کا اندازہ امریکی اعلانات اور بیانات کے بجائے میدان میں موجود حقیقی صورتحال سے لگایا جانا چاہیے۔
آبنائے ہرمز کی صورتحال پر امریکا اور ایران کے مؤقف ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔ امریکا کا کہنا ہے کہ اہم آبی گزرگاہ بحری آمدورفت کے لیے کھلی ہے، تاہم ایران کا مؤقف ہے کہ اس کی واضح اجازت کے بغیر کوئی بھی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر نہیں سکتا۔
ایرانی کمانڈر کے تازہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز میں اپنی نگرانی اور کنٹرول کو بدستور برقرار رکھنے کا دعویٰ کر رہا ہے، جبکہ واشنگٹن اسے بحری آمدورفت پر پابندیوں کے باوجود کھلا قرار دے رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے بھی امریکا کے خلاف سخت بیان دیا ہے۔
ابراہیم عزیزی نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف مجوزہ زمینی کارروائی کی سازش کو ابتدا ہی میں ناکام بنا دیا گیا تھا۔ ان کے مطابق ایرانی فوجی یونٹس نے مقامی فورسز کے تعاون سے مختلف سمتوں سے کیے جانے والے منصوبہ بند زمینی حملے کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو اس وقت تک نہیں بخشا جائے گا جب تک اسے مکمل شکست نہیں ہو جاتی، جبکہ ایران امریکی کارروائیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گا۔
ایرانی پارلیمانی عہدیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ حالیہ جنگ کے دوران امریکا ایران کے خلاف اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
ان کے مطابق ایرانی افواج نے مختلف محاذوں پر مزاحمت کرتے ہوئے امریکی منصوبوں کو ناکام بنایا اور ایران آئندہ بھی کسی ممکنہ فوجی کارروائی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران اور امریکا کے متضاد دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یہ اہم سمندری گزرگاہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ آبنائے ہرمز سے گزرنے والی توانائی کی تجارت میں کسی بھی بڑی رکاوٹ کے عالمی تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












