لوگوں کی ہلاکتیں روکنے کیلئے ایران کے ساتھ ڈیل کا چند روز انتظار کیا جا سکتا ہے، امریکی صدر

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مضبوط معاہدے کے لیے چند روز مزید انتظار کریں گے۔
واشنگٹن میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اس وقت مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے اور اس کی معیشت اور سفارت کاری شدید دباؤ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے موجودہ حکام اور عوام کافی سمجھدار ہیں اور وہ موجودہ حالات کی سنگینی کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے تہران انتظامیہ کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو ہر صورت امریکہ اور عالمی برادری کے ساتھ ایک نیا اور جامع معاہدہ کرنا ہوگا، اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو وہ خود بہت اچھے طریقے سے جانتے ہیں کہ ان کے ساتھ آگے کیا ہونا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ انتظامیہ محمود احمدی نژاد کو دوبارہ ایران کا صدر بنانا چاہتی تھی، نیویارک ٹائمز
امریکی صدر نے جنگی حالات کے متبادل کے طور پر سفارت کاری کو موقع دینے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ لوگوں کی ہلاکتوں سے کہیں بہتر ہے کہ ایک پائیدار اور مضبوط معاہدے کے لیے چند روز مزید انتظار کر لیا جائے، کیونکہ اگر ایران ڈیل کر لیتا ہے تو یہ پوری دنیا اور خود ایران سمیت سب کے لیے بہت اچھا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کسی بھی صورت اور کسی بھی قیمت پر ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج اور اتحادیوں نے ایران کی سخت بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے، جو کہ انتہائی کارگر اور مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔
ایران اس وقت سمندر میں اپنے تجارتی اور عسکری جہاز نکالنے کی پوزیشن میں بھی نہیں رہا ہے، کیونکہ امریکی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایران کے سینتیس بحری جہازوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا ہے، جس کی وجہ سے تہران کی سپلائی لائن مفلوج ہو چکی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










