ایران جنگ کا فاتح ہے، عبوری معاہدے پر عمل نہ ہوا تو جوہری مذاکرات نہیں ہوں گے، ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران امریکا کے خلاف جنگ کا فاتح بن کر ابھرا ہے، دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ عبوری معاہدے کے تحت امریکہ کی ناکہ بندی ختم اور آبنائے ہرمز کو کھولا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور جنگ کے بعد پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوکر ابھرا ہے اور ایران ہی اس جنگ کا فاتح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر ابھی حتمی دستخط نہیں ہوئے، اس لیے اس میں تبدیلیاں ممکن ہیں جبکہ جوہری معاملات پر گفتگو بعد کے مراحل میں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا امریکی ساختہ مصنوعی ذہانت کا واشنگٹن کے ہی خلاف کامیاب اور مؤثر استعمال
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کا اعلان تمام محاذوں بشمول لبنان میں ایک عبوری معاہدے کے تحت ہوگا، اور امریکا کی ناکہ بندی کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا اسی عبوری معاہدے کا حصہ ہے۔
انہوں نے دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل جیسے عناصر ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے کے سخت خلاف ہیں۔ ایران امریکہ کی کسی دھمکی کے دباؤ میں نہیں آئے گا اور انہیں اپنی دھمکیاں بند کرنا ہوں گی۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ لبنان میں جنگ کے خاتمے کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ اسرائیل تمام قبضہ شدہ علاقوں سے فوری نکل جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عبوری معاہدہ صرف پہلا قدم ہے اور اگر اس پر عمل درآمد نہ ہوا تو ایران جوہری مذاکرات کا اگلا دور نہیں کرے گا، تاہم ایران آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ گزرگاہ کو یقینی بناتا رہے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










