شہید قاسم سلیمانی کی چھٹی برسی: مصلائے امام خمینی میں حکام اور عوام کی بھرپور شرکت

تہران میں شہیدقاسم سلیمانی کی یاد میں شاندار تقریب، سیاسی و دفاعی شخصیات بھی شریک
تہران کے مصلائے امام خمینی میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کی چھٹی برسی کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی جس میں ایرانی سیاسی و دفاعی شخصیات، عوام، نوجوان اور شہید کے اہل خانہ نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ شہید سلیمانی اخلاق، شجاعت اور مظلوموں کے دفاع کی مثال تھے۔
انہوں نے کہا کہ سلیمانی کسی سیاسی جماعت یا ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ امام خمینی اور رہبر انقلاب کے اصولوں کے مطابق کام کرتے تھے اور ان کا مشن آج بھی زندہ ہے۔
صدر پزشکیان نے عالمی سطح پر شہید سلیمانی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت کے بعد دنیا بھر میں ان کے نام تقریبات منعقد کی گئیں اور وہ مزاحمت اور انسانی حقوق کے محافظ کے طور پر یاد کیے جاتے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر جنرل احمد وحیدی نے کہا کہ مزاحمتی بلاک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور شہید سلیمانی کا راستہ کبھی ترک نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے دشمنوں کی دھمکیوں کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پوری قوت کے ساتھ مزاحمتی محاذ کی حمایت جاری رکھے گا۔
شہید سلیمانی کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد صرف عسکری کمانڈر نہیں بلکہ ایک مکتب فکر کی نمائندگی کرتے تھے، جو عوامی ربط، قربانی اور قومی یکجہتی کے لیے مشعل راہ تھے۔ انہوں نے مقاومتی بلاک کے دیگر شہداء جیسے شہید سید حسن نصراللہ اور شہید ابومہدی المہندس کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
حجت الاسلام والمسلمین محمد جعفر منتظری نے کہا کہ جنرل سلیمانی اور دیگر شہداء کی قربانی نے مقاومتی محاذ کے لیے فیصلہ کن موڑ قائم کیا اور خطے میں آزادی کے متلاشی عوام کے لیے ہمیشہ ایک محرک کا کام کرے گی۔
تقریب میں اعلی ایرانی سیاسی اور دفاعی حکام، عوام اور مختلف طبقات کے افراد نے حصہ لے کر شہید سلیمانی کے مشن اور نظریات کو یادگار بنایا، اس بات کو واضح کرتے ہوئے کہ چھے سال بعد بھی ان کی مقبولیت اور اثرات عوام اور نوجوان نسل میں برقرار ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











