جمعرات، 7-مئی،2026
جمعرات 1447/11/20هـ (07-05-2026م)

بھارت نے ایران کو دھوکا دے کر اسرائیل کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے : سونیا گاندھی

03 مارچ, 2026 14:53

بھارتی نیشنل کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنے دیرینہ دوست ایران کو دھوکا دے کر اسرائیل کے سامنے مکمل سرینڈر کر دیا ہے۔

صدر سونیا گاندھی نے ایک مقامی اخبار میں لکھے گئے اپنے مضمون میں نریندر مودی کی حکومت پر سخت وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بھارت کی سفارتی آزادی کو اسرائیل کے ہاتھوں فروخت کر دیا ہے۔

کانگریس رہنماء کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک طویل مدتی اور قابل اعتماد اتحادی ایران کو تنہا چھوڑ کر بھارتی خارجہ پالیسی کے وقار کو خاک میں ملا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت کی مفاد پرست خارجہ پالیسی، روسی تیل کی دوبارہ خریداری پر غور

سونیا گاندھی کا کہنا ہے کہ حکومت کے مبہم بیانات دراصل بھارت کی روایتی اور متوازن خارجہ پالیسی سے بزدلانہ انحراف ہیں۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ماضی میں بھارت نے ہمیشہ اسرائیل اور ایران کے درمیان ایک محتاط توازن برقرار رکھا تھا، لیکن مودی نے سیاسی نمائش اور وقتی فوائد کے لیے اسے قربان کر دیا۔

نریندر مودی پہلے بھارتی وزیر اعظم بنے جنہوں نے ایران کا دورہ کیے بغیر اسرائیل کا دورہ کیا، جس سے دہائیوں پر محیط توازن پارہ پارہ ہو گیا۔

ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر بھارتی حکومت کا خاموش ردعمل اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ نئی دہلی اب ایک آزاد خارجہ پالیسی کے دعوے سے دستبردار ہو چکا ہے اور اسرائیل کے مفادات کے لیے ایک کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

سونیا گاندھی نے یاد دلایا کہ ایران نے ہمیشہ بھارت کے مفادات کا تحفظ کیا، چاہے وہ انیس سو چورانوے میں کشمیر کے معاملے پر اسلامی تعاون تنظیم کا دباؤ روکنا ہو یا زاہدان اور چاہ بہار جیسے تزویراتی مقامات تک بھارت کو رسائی دینا ہو۔ مودی حکومت نے ان تمام قربانیوں کو فراموش کر کے بھارت کی عالمی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔