ایران کے میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ایرانی وزیر دفاع کا دوٹوک مؤقف

ایران کے میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ایرانی وزیر دفاع کا دوٹوک مؤقف
تہران: ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیرزادہ نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام ملکی دفاع اور سلامتی کا بنیادی ستون ہے، جسے کسی بھی سطح پر مذاکرات کا موضوع نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں نے سابق سربراہ پاسدارانِ انقلاب شہید حسین سلامی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی دفاعی طاقت، بالخصوص میزائل صلاحیت، قومی خودمختاری سے جڑی ہوئی ہے اور اس پر کسی قسم کی لچک نہیں دکھائی جائے گی۔
بریگیڈیئر جنرل نصیرزادہ کا کہنا تھا کہ شہید حسین سلامی اور دیگر سینئر عسکری قیادت نے ایران کے میزائل پروگرام اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں دفاعی شعبے کو ایک نئی سمت ملی اور مسلح افواج کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ شہید سلامی نہ صرف ایک تجربہ کار فوجی کمانڈر تھے بلکہ انہیں ایک باوقار اور صاحبِ علم شخصیت کے طور پر بھی جانا جاتا تھا، جو بدلتے ہوئے عالمی خطرات اور دفاعی چیلنجز پر گہری نظر رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہید سلامی کی حکمتِ عملی اور قیادت کے باعث ایران نے ایک مضبوط دفاعی توازن قائم کیا، جس کے اثرات حالیہ بارہ روزہ کشیدگی کے دوران واضح طور پر دیکھے گئے، جب مخالف قوتوں کو جنگ بندی کی طرف آنا پڑا۔
ایرانی وزیر دفاع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کے تحفظ اور مضبوطی کے لیے کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








