’ہم نہیں جھکیں گے‘، وینزویلا کے وزیرِ دفاع کا واشنگٹن کو پیغام

’ہم نہیں جھکیں گے‘، وینزویلا کے وزیرِ دفاع کا واشنگٹن کو پیغام
وینزویلا کے وزیرِ دفاع ولادیمیر پادرینو نے امریکہ کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا کسی صورت دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔ انہوں نے کراکس میں امریکی فوجی کارروائی کی شدید مذمت کی اور اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق وزیرِ دفاع نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکی حملے وینزویلا کی تاریخ کی سب سے بڑی توہین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی افواج نے گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنایا۔
ولادیمیر پادرینو کے مطابق امریکی ہیلی کاپٹروں سے کراکس کے رہائشی علاقوں میں راکٹ فائر کیے گئے۔ حملے فویرتے تیونا، کراکس، میرانڈا، اراگوا اور لاگوآردیا کے علاقوں میں ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں اور ہلاکتوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ وینزویلا ایک آزاد، خودمختار اور مقتدر ریاست ہے جو اپنی سرزمین پر غیر ملکی فوجی موجودگی کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
وزیرِ دفاع نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم مذاکرات نہیں کریں گے، ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور ہم کامیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائی نے عوام کے لیے موت، درد اور تباہی چھوڑی ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کی ذمہ داری قبول کی اور وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کا دعویٰ کیا۔
ولادیمیر پادرینو نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے زمینی، فضائی، بحری، دریائی اور میزائل نظام فعال کر دیے گئے ہیں۔ فوج اور پولیس کو مکمل آپریشنل الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ وینزویلا اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بیرونی طاقت کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










