وینزویلا کے معاملات اب امریکا چلائے گا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر نے معدنی ذخائر سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا کے معاملات اب امریکا چلائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر وینزویلا کے صدر کی گرفتاری سے متعلق تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا میں ہونے والی فوجی کارروائی ان کی براہِ راست ہدایات پر کی گئی۔
بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکی افواج نے رات گئے اور صبح سویرے وینزویلا میں کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں وہاں کی فوجی صلاحیت کو مکمل طور پر غیر مؤثر بنا دیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے بعد وینزویلا کے دارالحکومت کراکس کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ یہ کارروائی اپنی نوعیت کی غیر معمولی مثال ہے اور دوسری جنگِ عظیم کے بعد دنیا نے اس سطح کا فوجی اقدام کم ہی دیکھا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا جدید ترین اسلحے سے لیس ہے اور اگر ضرورت پڑی تو مزید کارروائی کے لیے بھی تیار ہے، موجودہ صورتحال میں دوسرے حملے کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کے انتظامی امور امریکا کی نگرانی میں چلائے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے منشیات اسمگلنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں آنے والی زیادہ تر منشیات سمندری راستوں سے پہنچتی ہیں، اسی پس منظر میں وینزویلا میں یہ آپریشن کیا گیا، جہاں عوام طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ اس وقت ایک بحری جہاز پر موجود ہیں جو نیویارک کی جانب روانہ ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









