خودمختار ریاست پر امریکی کارروائی ناقابلِ قبول ہے، نیویارک کے میئر ظہران ممدانی

خودمختار ریاست پر امریکی کارروائی ناقابلِ قبول ہے، نیویارک کے میئر ظہران ممدانی
نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی اور صدر نکولس مادورو کی اہلیہ سمیت گرفتاری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی خودمختار ملک پر طاقت کا استعمال جنگ کے مترادف ہوتا ہے اور یہ عالمی قوانین کے منافی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں میئر ظہران ممدانی نے بتایا کہ انہیں وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو امریکی فوج کی جانب سے حراست میں لے کر نیویارک میں وفاقی تحویل میں رکھنے کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی خودمختار ریاست کے خلاف یکطرفہ فوجی کارروائی کو معمولی اقدام نہیں سمجھا جا سکتا، یہ کھلی جارحیت ہے جو بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔
میئر نیویارک نے خبردار کیا کہ بیرونِ ملک حکومتوں کی تبدیلی کی پالیسیاں صرف دوسرے ممالک تک محدود اثرات نہیں رکھتیں بلکہ اس کے نتائج نیویارک جیسے شہروں پر بھی مرتب ہوتے ہیں، جہاں وینزویلا سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد آباد ہیں۔
ظہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کے تمام شہریوں بالخصوص وینزویلا نژاد کمیونٹی کا تحفظ ان کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر عوام کو بروقت آگاہ کیا جاتا رہے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف فوجداری الزامات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










