جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

Great news for Pakistanis living in Germany
حکومتِ پاکستان نے جرمنی میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے دہری شہریت کی اجازت دے دی ہے۔
اس فیصلے کے بعد اب جرمنی میں رہنے والے اوورسیز پاکستانی جرمن شہریت حاصل کرنے پر پاکستانی شہریت سے محروم نہیں ہوں گے۔ اس پیش رفت کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم اور خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ 1951 کے تحت قومی پالیسی میں توسیع کے بعد کیا گیا ہے۔ اس توسیع کے نتیجے میں جرمنی کو بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے، جن کے ساتھ پاکستان دہری شہریت کی اجازت دیتا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا تعلق جرمنی کے قوانین میں کسی نئی تبدیلی سے نہیں ہے، بلکہ یہ مکمل طور پر پاکستان کا پالیسی فیصلہ ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ جرمن شہریت حاصل کرنے والے پاکستانی اب اپنی پاکستانی شناخت برقرار رکھ سکیں گے۔ اس کے ساتھ وہ پاکستان میں جائیداد رکھنے، وراثتی حقوق اور دیگر شہری سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
بیورو کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی طویل عرصے سے دہری شہریت کی اجازت کا مطالبہ کر رہے تھے۔ حکومت نے ان کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس سے اوورسیز پاکستانیوں کا پاکستان سے قانونی اور جذباتی تعلق مزید مضبوط ہوگا۔
اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں پاکستانیوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہے۔ یہ افراد آئی ٹی، انجینیئرنگ، صحت، آٹوموٹو انڈسٹری، تحقیق اور کاروبار کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستانیوں کو جرمنی میں زیادہ قانونی تحفظ اور بہتر روزگار کے مواقع ملیں گے۔
بیورو آف امیگریشن کے مطابق پاکستان اس وقت دنیا کے 21 ممالک کے ساتھ دہری شہریت کے باضابطہ معاہدے رکھتا ہے۔ ان ممالک میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، فرانس، اٹلی، بیلجیئم، نیدرلینڈز، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔ جرمنی کا اس فہرست میں شامل ہونا اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی سہولت سمجھا جا رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












