اتوار، 15-فروری،2026
اتوار 1447/08/27هـ (15-02-2026م)

نائجیریا میں مسلح افراد کے حملوں سے 32 افراد ہلاک

15 فروری, 2026 11:43

شمالی نائجیریا میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے تین دیہات پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور متعدد کو اغوا کر لیا گیا۔

ریاست نائجر کے پولیس ترجمان واسیع ابیودون نے ایک گاؤں پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ ڈاکوؤں نے ٹونگا میکری گاؤں پر دھاوا بولا۔ ان کے مطابق چھ افراد جان سے گئے، کئی گھروں کو آگ لگا دی گئی اور متعدد افراد کو اغوا کیا گیا، جن کی درست تعداد تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آور بعد ازاں کونکوسو گاؤں کی طرف بڑھ گئے۔

کونکوسو کے رہائشی جیریمیاہ ٹموتھی نے بتایا کہ ان کے گاؤں پر حملہ صبح سویرے فائرنگ کی آوازوں سے شروع ہوا۔ ان کے مطابق 26 افراد ہلاک ہوئے، حملہ آوروں نے پولیس اسٹیشن کو بھی آگ لگا دی۔ حملے کے دوران فوجی طیاروں کی پروازیں سنائی دیں، تاہم گاؤں کے اندر حملہ آوروں کی کارروائیاں جاری رہیں۔

ایک اور رہائشی عبداللہی ادامو نے بھی 26 ہلاکتوں کی تصدیق کی اور کہا کہ حملہ آوروں نے کسی سیکورٹی رکاوٹ کے بغیر آزادانہ کارروائی کی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صرف کونکوسو میں ہلاکتوں کی تعداد 38 تک پہنچ سکتی ہے۔ بعض افراد کو گولیاں مار کر جبکہ کچھ کے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گاؤں کے بیشتر مکانات جلا دیے گئے ہیں اور اب بھی مزید لاشیں ملبے سے نکالی جا رہی ہیں۔ ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اس کے بھتیجے کو قتل اور چار خواتین کو اغوا کر لیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔