ایران نے جنگ جاری رکھی تو آئندہ قیادت کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی قیادت کو ہلاک کر دیا گیا ہے، اگر ایران نے مزاحمت جاری رکھی تو آئندہ قیادت کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے سخت بیانات دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی قیادت کو ختم کر دیا گیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو آئندہ قیادت کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ کو تباہ کر دیا گیا ہے اور ایرانی بحریہ کے اکیاون جنگی جہاز ڈبو دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی بحری جہاز اب سمندر کی تہہ میں موجود ہیں اور انہیں قبضے میں لینے کے بجائے ڈبونا زیادہ بہتر سمجھا گیا۔
صدر ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کے ڈرون اور میزائل نظام کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ ڈرون بنانے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امریکا اور اسرائیل مل کر ایران کی عسکری صلاحیت کو ختم کر رہے ہیں اور جنگ تقریباً جیت لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم تھا کہ ایران پر حملے کے بعد تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھیں گی تاہم اس کے باوجود یہ اقدام ضروری تھا۔ اگر ایران نے تیل کی فراہمی کو متاثر کیا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ کے خاتمے کا فیصلہ امریکہ نہیں، ایران خود کرے گا : پاسداران انقلاب
انہوں نے کہا کہ امریکا نے بی ٹو بمبار طیاروں کے استعمال کے ذریعے ایران کو حملہ کرنے سے روک دیا اور اگر کارروائی نہ کی جاتی تو ایران دو ہفتوں میں ایٹم بم حاصل کر سکتا تھا۔ امریکی صدر نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ڈرون حملوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور امریکا اپنے اتحادی اسرائیل کے ساتھ مل کر دشمن کو شکست دینے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحری جہاز ضرورت پڑنے پر تیل بردار جہازوں کی حفاظت کریں گے اور عالمی توانائی کی ترسیل کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا آج امریکا کا پہلے سے زیادہ احترام کر رہی ہے اور امریکا اپنی طاقت کے ذریعے عالمی امن کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












