منگل، 10-مارچ،2026
منگل 1447/09/21هـ (10-03-2026م)

ٹرمپ کے مشیروں کا ایران جنگ کے خاتمے کیلئے راستہ نکالنے کا مشورہ

10 مارچ, 2026 15:18

امریکی اخبار کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے بعض مشیروں کی جانب سے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے راستہ نکالنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے بعض مشیروں کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ کے خاتمے کے لیے واضح حکمت عملی پیش کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے اور طویل جنگ کے ممکنہ سیاسی اثرات کے باعث امریکی انتظامیہ کے اندر تشویش بڑھ رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے کیونکہ امریکہ اپنے اہداف کے حصول میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ امریکہ اپنے طے شدہ منصوبے سے کہیں آگے ہے اور ان کے خیال میں جنگ بہت جلد ختم ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران نے جنگ جاری رکھی تو آئندہ قیادت کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ

تاہم رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ کے بعض اعلیٰ حکام کے نزدیک موجودہ حالات میں فوری انخلا ممکن نہیں ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکی ٹھکانوں اور خطے میں دیگر اہداف پر حملے جاری ہیں جبکہ اسرائیل بھی ایرانی مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے تیار ہے، جس کے باعث جنگ کا خاتمہ پیچیدہ ہو سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر کے بعض مشیروں کا خیال ہے کہ امریکی فوج پہلے ہی نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکی ہے، اس لیے جنگ کے خاتمے کی حکمت عملی سامنے لانا ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی منڈیوں میں بھی جنگ کے اثرات نمایاں ہو رہے ہیں اور تیل کی قیمت ایک سو ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس صورتحال نے عالمی معیشت میں بے یقینی کو بڑھا دیا ہے جبکہ سرمایہ کاری کی منڈیوں میں بھی اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خلیجی ممالک سے توانائی کی برآمدات میں خلل پیدا ہوا تو تیل کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں جس کے نتیجے میں عالمی معیشت کی رفتار سست ہونے کا خدشہ ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔