سابق قطری وزیر اعظم کی خلیجی ممالک کو فوجی اتحاد بنانے اور پاکستان سے دفاعی تعلقات کی تجویز

قطر کے سابق وزیر اعظم شیخ حمد بن جاسم آل ثانی نے خلیجی ممالک کو ایک مضبوط مشترکہ فوجی اتحاد قائم کرنے کی تجویز دے دی ہے۔
اپنے بیان میں شیخ حمد بن جاسم آل ثانی نے کہا کہ خطے میں جاری جنگیں بالآخر ختم ہو جاتی ہیں، مگر ان سے سیکھنے کے لیے اہم اسباق ضرور ہوتے ہیں۔ موجودہ صورتحال خلیجی ممالک کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ انہیں باہمی اتحاد، مشترکہ موقف اور مضبوط دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے پاس اب اس کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا کہ وہ ایک حقیقی اور مؤثر فوجی و سلامتی اتحاد قائم کریں۔ اس اتحاد میں سعودی عرب کو اہم اور مرکزی کردار ملنا چاہیے کیونکہ یہ خلیج کا سب سے بڑا ملک ہے اور اس کی دفاعی صلاحیت بھی زیادہ ہے۔
قطر کے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس اہم منصوبے پر کام شروع کرنے کے لیے جنگ کے خاتمے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ فوری طور پر اس پر غور و فکر اور عملی تیاری شروع کی جانی چاہیے۔ خلیجی ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ مفادات کو ترجیح دیں تاکہ کونسل مضبوط اور متحد رہ سکے اور خطے کے ممالک کی خودمختاری اور سلامتی محفوظ رہ سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کو قطر اور عوامی وسائل کو نقصان پہنچانے کی کوئی پرواہ نہیں، قطری وزیر اعظم
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خلیجی ممالک کو مشترکہ دفاعی صنعتوں کے قیام پر فوری توجہ دینی چاہیے۔ جدید فوجی اور الیکٹرانک صنعتوں کی ایک مربوط اور منصوبہ بند بنیاد قائم کرنا ضروری ہے تاکہ خلیجی ممالک مستقبل میں کسی بھی ممکنہ حملے کا بروقت مقابلہ کر سکیں۔
شیخ حمد بن جاسم نے کہا کہ خلیجی ممالک کے پاس جغرافیائی اہمیت، قدرتی وسائل اور مالی وسائل کی کمی نہیں ہے اور اگر یہ ممالک مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں تو ایک مضبوط دفاعی صنعت قائم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے ایران کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے شدید پابندیوں کے باوجود اپنے میزائل پروگرام کو ترقی دی اور وہ اپنے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے میں کامیاب رہا۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ خلیجی ممالک نے یہ جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی وہ اس کے خواہش مند تھے، اس لیے انہیں اس جنگ کے سیاسی اور معاشی نتائج کا بوجھ نہیں اٹھانا چاہیے۔ اس جنگ کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے، جس نے خطے میں طاقت کا توازن اپنے حق میں کرنے کے لیے کشیدگی کو ہوا دی۔
قطر کے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ خلیجی ممالک کو ایران اور اسرائیل دونوں کے حوالے سے متوازن اور حقیقت پسندانہ پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔ ایران خطے کا ہمسایہ ملک ہے اور اختلافات کے باوجود اس کے ساتھ مکالمہ ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بھی اصولی بنیادوں پر ہونے چاہئیں، جن میں فلسطینی عوام کے حقوق اور مقبوضہ عرب علاقوں کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
شیخ حمد بن جاسم آل ثانی نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک کو ترکی اور پاکستان جیسے ممالک کے ساتھ اپنے تزویراتی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنانا چاہیے تاکہ ایک وسیع علاقائی تعاون کا نظام قائم ہو سکے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












