پیر، 16-مارچ،2026
پیر 1447/09/27هـ (16-03-2026م)

چودہ اپریل کے بعد گیس کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑے گا، اوگرا حکام

16 مارچ, 2026 15:21

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں حکام نے انکشاف کیا ہے کہ قطر سے مائع گیس کی سپلائی مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، جس کے باعث آنے والے دنوں میں ملک کو گیس کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں توانائی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اوگرا حکام نے بتایا کہ عالمی حالات اور جنگی کشیدگی کے باعث قطر سے مائع گیس کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے اور اس وقت سپلائی مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے۔

حکام کے مطابق مارچ کے مہینے میں مائع گیس کے آٹھ جہاز پاکستان پہنچنے تھے، جن میں سے صرف دو ہی پہنچ سکے جبکہ باقی چھ جہاز جنگی صورتحال کے باعث نہ پہنچ سکے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اپریل کے مہینے میں بھی مائع گیس کے چھ جہاز متوقع تھے، تاہم ان میں سے بھی تین جہاز نہ پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو چودہ اپریل کے بعد ملک میں گیس کی شدید کمی پیدا ہو سکتی ہے۔

گیس حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک میں مقامی گیس کی پیداوار بڑھا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گیس کی مجموعی سپلائی کو مختلف شعبوں میں نئی حکمت عملی کے تحت تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بحرِ احمر سے تیل کی ترسیل میں 12 روز لگتے ہیں، جس سے سپلائی چین متاثر ہے، سیکریٹری پٹرولیم

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت نظام میں گیس کی سپلائی چھ سو پچپن ملین مکعب فٹ یومیہ سے کم کر کے چھ سو بیالیس ملین مکعب فٹ یومیہ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے مقابلے میں درآمدی مائع گیس کی سپلائی کو اٹھائیس سے بڑھا کر تیس ملین مکعب فٹ یومیہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

گھریلو صارفین کے لیے گیس کے استعمال کو تین سو ننانوے سے بڑھا کر چار سو بیس ملین مکعب فٹ یومیہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جبکہ تجارتی شعبے کے لیے گیس کی فراہمی دس سے کم کر کے آٹھ ملین مکعب فٹ یومیہ کرنے کی تجویز ہے۔

صنعتی شعبے کے لیے گیس کی فراہمی ایک سو چالیس سے کم کر کے ایک سو بیس ملین مکعب فٹ یومیہ کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ اگر مائع گیس کی طلب میں اضافہ ہوا تو آذربائیجان کی ایک کمپنی کے ساتھ معاہدہ موجود ہے، جس کے تحت گیس حاصل کی جا سکتی ہے، تاہم اس گیس کی قیمت موجودہ نرخوں سے تقریباً تین گنا زیادہ ہو گی۔

Catch all the پاکستان News, کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔