جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

عازمین حج کیلیے نسک کارڈ اتنا ضروری کیوں؟ سعودی عرب سے بڑی خبر آگئی

08 اپریل, 2026 08:37

ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ نسک کارڈ حج سیزن کے دوران ایک بنیادی اور لازمی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، جو عازمین کی شناخت، نقل و حرکت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

وزارت کے مطابق نسک کارڈ عازمین کی قانونی حیثیت کی ضمانت دیتا ہے اور انہیں ایک منظم نظام کے تحت آسانی سے عبادات کی ادائیگی میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس کا مقصد نہ صرف خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے بلکہ مقدس مقامات پر نظم و ضبط اور حفاظت کو یقینی بنانا بھی ہے۔


حکام کا کہنا ہے کہ نسک کارڈ مکہ مکرمہ، مسجد الحرام اور دیگر مقدس مقامات میں داخلے کو منظم کرتا ہے اور عازمین کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کو آسان بناتا ہے۔ اس کے ذریعے ہجوم کو کنٹرول کرنے اور رش کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

سعودی وزارت نے اپنی ڈیجیٹل تبدیلی کے تحت نسک کارڈ کا ڈیجیٹل ورژن بھی متعارف کرایا ہے، جو نسک ایپ اور توکلنا ایپ کے ذریعے دستیاب ہے۔ اس سے عازمین کو اپنے کوائف تک فوری رسائی اور مختلف حج خدمات کے استعمال میں سہولت حاصل ہوتی ہے۔


نسک ایپ کی بڑھتی ہوئی اہمیت

سعودی حکام کے مطابق نسک ایپ ڈیجیٹل حج و عمرہ نظام میں ایک اہم سنگ میل بن چکی ہے اور اس کے صارفین کی تعداد 5 کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ اعلان وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے مدینہ میں منعقدہ عمرہ و زیارت فورم کے دوران کیا۔

نسک ایپ 130 سے زائد ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرتی ہے، جن میں عمرہ پرمٹ کا اجرا، روضہ رسول ﷺ کی زیارت کی بکنگ، حرمین میں رش کی صورتحال سے آگاہی اور دیگر رہنمائی شامل ہے۔

ایپ کے ذریعے عازمین ہوٹل بکنگ، ٹرین ٹکٹ اور پروازوں کی تفصیلات بھی ایک ہی پلیٹ فارم پر حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ دعاؤں، اذکار، قبلہ سمت اور تاریخی مقامات کی معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

حکام کے مطابق نسک ایپ کو 25 سرکاری اور 30 نجی اداروں سے منسلک کیا گیا ہے، جس سے یہ ایک مکمل ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن چکی ہے جو عازمین کو ان کے پورے سفر میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔