59 فیصد امریکی اسرائیلی حکومت کے خلاف؛ نئی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات

59% of Americans Oppose Israeli Government; Shocking Revelations in New Report
امریکا میں اسرائیل کے حوالے سے عوامی رائے میں نمایاں تبدیلی سامنے آئی ہے۔ ایک تازہ سروے کے مطابق اب اکثریت اسرائیل کے بارے میں منفی رائے رکھتی ہے، جبکہ نوجوان نسل میں یہ رجحان مزید تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
Pew Research Center کی نئی رپورٹ کے مطابق تقریباً 60 فیصد امریکی بالغ افراد اسرائیل کے بارے میں غیر موافق رائے رکھتے ہیں، جو گزشتہ چند برسوں کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ میں اسرائیل کے حوالے سے رائے شدید سیاسی تقسیم کا شکار ہے، ڈیموکریٹس میں 80 فیصد افراد اسرائیل کے خلاف رائے رکھتے ہیں جبکہ ریپبلکنز میں یہ شرح نسبتاً کم، یعنی 41 فیصد ہے اس فرق سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کا معاملہ امریکی سیاست میں ایک حساس اور متنازع موضوع بنتا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے بڑی تبدیلی نوجوانوں میں دیکھی گئی، 18 سے 49 سال کے افراد میں 70 فیصد منفی رائے، اسی عمر کے ڈیموکریٹس میں یہ شرح بڑھ کر 84 فیصد جبکہ نوجوان ریپبلکنز میں بھی 57 فیصد افراد اسرائیل کے خلاف ہیں۔

اس کے برعکس 50 سال سے زائد عمر کے افراد میں یہ شرح واضح طور پر کم ہے، جو نسلوں کے درمیان بڑھتے فرق کو ظاہر کرتی ہے۔
پیو کی سابقہ رپورٹس کے مطابق 2022 میں صرف 42 فیصد امریکی اسرائیل کے بارے میں منفی رائے رکھتے تھے، 2025 میں یہ شرح بڑھ کر 53 فیصد ہو گئی جبکہ اب یہ تقریباً 60 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ یہ تیزی سے بدلتا رجحان امریکی عوامی رائے میں بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔
مزید تحقیق سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ تقریباً 59 فیصد امریکی اسرائیلی حکومت کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں اور تقریباً چار میں سے ایک سے زیادہ امریکی سمجھتے ہیں کہ اسرائیل جنگ میں حد سے آگے جا رہا ہے، یہ رجحان خاص طور پر غزہ جنگ کے بعد مزید مضبوط ہوا ہے۔
دیگر سرویز کے مطابق امریکی عوام میں ہمدردیوں کا توازن بھی بدل رہا ہے، 2026 میں 46 فیصد امریکی فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں جبکہ صرف 28 فیصد اسرائیل کے ساتھ۔ یہ گزشتہ دہائیوں کے برعکس ایک بڑی تبدیلی ہے۔
اب یہاں سوال یہ ہے کہ اس سب کی وجوہات کیا ہیں؟
ماہرین کے مطابق اس بدلتی ہوئی رائے کی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں مشرق وسطیٰ کی جنگوں کی میڈیا کوریج، انسانی حقوق کے مسائل پر بڑھتی حساسیت، اور سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف بیانیوں تک رسائی شامل ہے۔ خاص طور پر نوجوان نسل عالمی معاملات کو ایک مختلف زاویے سے دیکھ رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ میں اسرائیل کے بارے میں بدلتی ہوئی یہ رائے مستقبل کی خارجہ پالیسی پر بھی اثر ڈال سکتی ہے۔ نوجوانوں کا بڑھتا ہوا تنقیدی رویہ آنے والے برسوں میں امریکہ کے عالمی کردار کو نئی سمت دے سکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










