بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

مشرق وسطیٰ میں چین کا معاشی غلبہ، 269 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری

14 اپریل, 2026 10:00

مشرقِ وسطیٰ کے خطے میں چین کے معاشی اثر و رسوخ میں حالیہ برسوں کے دوران بے پناہ اضافہ ہوا ہے، جہاں چین نے سرمایہ کاری اور تعمیراتی منصوبوں پر 269 ارب ڈالر سے زائد رقم خرچ کی ہے۔

امریکن انٹرپرائز انسٹی ٹیوٹ کے چائنا گلوبل انویسٹمنٹ ٹریکر کی جانب سے جاری کردہ ایک جامع رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چین مشرقِ وسطیٰ کی معیشت کے ساتھ گہرائی سے جڑ چکا ہے۔

سال 2005 سے اب تک چین نے اس خطے میں سرمایہ کاری اور تعمیراتی ٹھیکوں کی مد میں مجموعی طور پر 269 ارب ڈالر سے زائد کی رقم لگائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مذاکرات بے نتیجہ ختم ہونے کے باوجود پاکستان کا ثالثی چینل برقرار ہے، امریکی ماہرین

اس فہرست میں سعودی عرب سر فہرست ہے، جہاں چینی سرمایہ کاری کا حجم 82 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات 48 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے اور عراق 40 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران میں بھی چینی سرمایہ کاری اور تعمیراتی ٹھیکوں کی مالیت 25 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ دیگر ممالک میں کویت، قطر، اسرائیل اور عمان بھی شامل ہیں، جہاں چین نے اربوں ڈالر کے منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 2017 کے بعد سے مشرقِ وسطیٰ اور چین کے درمیان ہونے والی تجارت میں دگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے اور 2024 تک یہ حجم 317 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ یہ رقم امریکہ اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان ہونے والی 85 ارب ڈالر کی تجارت سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے۔

یہ اعداد و شمار اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ اب معاشی طور پر چین پر بہت زیادہ انحصار کر رہا ہے۔ شام، اردن، بحرین اور یمن جیسے ممالک میں بھی چین اپنی موجودگی بڑھا رہا ہے۔

چین کی اس اسٹریٹجک معاشی پیش قدمی نے خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کر دیا ہے اور اب معاشی میدان میں امریکہ کے لیے چین کا مقابلہ کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔