وزیراعظم کی اوور انوائسنگ کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت، رپورٹ طلب

وزیراعظم نے اوور انوائسنگ کے دھندے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد اور غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف فوری قانونی اور محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر منعقدہ ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں ملک میں جاری اوور انوائسنگ کے سنگین معاملے پر اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس کے دوران اوور انوائسنگ کے حوالے سے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، جس پر وزیراعظم نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 2017 سے 2022 کے دوران یہ مکروہ دھندہ کھلے عام چلتا رہا اور متعلقہ ادارے اپنے فرائض سے مسلسل غافل رہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اس دھندے میں مرتکب تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی تیز کی جائے، کیونکہ ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ہے اور اس کی حفاظت کرنا حکومت کا فرض ہے۔
وزیراعظم نے مشتاق احمد سکھیرا کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کو سراہا اور شاہد خان کی سربراہی میں ایک نئی کمیٹی تشکیل دی، جو غفلت کے مرتکب افراد اور اداروں کا تعین کر کے جلد رپورٹ پیش کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے اہم دورے پر روانہ
وزیراعظم نے مزید ہدایت دی کہ فائننشل مونیٹرنگ یونٹ کو ایک فعال ادارہ بنایا جائے، جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے اور انٹیلیجنس بیورو کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ مالیاتی جرائم کا سدباب کیا جا سکے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سنٹرلائز پرائس ویریفکیشن پورٹل تیار کر لیا ہے، جو جون کے آخر تک بینکوں کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا، جس سے قیمتوں کی تصدیق کا عمل شفاف ہو سکے گا۔
حکام نے بتایا کہ اوور انوائسنگ کے اس دھندے کی نشاندہی اکتوبر 2022 میں کی گئی تھی اور اب تک 13 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











