بدھ، 6-مئی،2026
بدھ 1447/11/19هـ (06-05-2026م)

جنگی کارروائیاں اب ختم ہو چکی ہیں، ایران کو آبنائے ہرمز کنٹرول نہیں دیں گے، مارکو روبیو

06 مئی, 2026 08:25

امریکی وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگی کارروائیاں اب ختم ہو چکی ہیں، اب امریکہ کی ترجیح آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں جنگ بندی کے دوران امریکی فوجی اقدامات محض دفاعی نوعیت کے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی بدستور جاری ہے کیونکہ تہران اس اہم عالمی گزرگاہ کو بند کرنے اور دیگر ممالک سے وہاں سے گزرنے کے بدلے رقم وصول کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ ایک تخریبی اور مجرمانہ فعل ہے۔

مارکو روبیو نے انکشاف کیا کہ آبنائے ہرمز میں اب تک دس ملاح اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور تقریباً 23 ہزار سویلین اس بندش کے باعث سمندر میں پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کی میزائل طاقت میں اضافہ اور یورپ کا دفاعی اضطراب

وزیر خارجہ نے صدر ٹرمپ کے حکم پر شروع کئے گئے پروجیکٹ فریڈم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تجارتی جہازوں کی مدد اور انسانی جانوں کو بچانے کے لیے ہے، نہ کہ کسی ملک پر حملے کے لیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایرانی تیز رفتار کشتیاں امریکی اثاثوں پر حملہ کرتی ہیں تو ہمیں دفاع میں جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے اور ہم نے حالیہ دنوں میں ایسی کئی جوابی کارروائیاں کی ہیں۔

مارکو روبیو نے بیجنگ کے دورے پر موجود ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حوالے سے چین پر زور دیا کہ وہ تہران کو واضح پیغام دے کہ اس آبی گزرگاہ میں مسلسل دشمنی ایران کو عالمی سطح پر تنہا کر دے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کئی ممالک نے پروجیکٹ فریڈم کی حمایت کا یقین دلایا ہے، تاہم انہوں نے ان ممالک کے نام ظاہر کرنے سے گریز کیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔