منگل، 19-مئی،2026
منگل 1447/12/02هـ (19-05-2026م)

پاکستان نے اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی

15 مئی, 2026 14:41

پاکستان کی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے عالمی سطح پر ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے غیر معمولی کھیل پیش کیا اور دنیا کی بڑی بڑی ٹیموں کو شکست دے کر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔

سیمی فائنل کے انتہائی اہم معرکے میں پاکستان کا مقابلہ فٹبال کی دنیا کی مضبوط ترین ٹیم برازیل سے ہوا۔ اس میچ میں پاکستانی شاہینوں نے روایتی حریفوں کی طرح سخت مقابلہ کیا اور برازیل کے دفاعی حصار کو بار بار توڑنے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کا ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز، مسلسل دوسری جیت

اگرچہ پاکستان کو اس اعصاب شکن مقابلے میں دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن کھلاڑیوں کی کارکردگی کو عالمی سطح پر بے حد سراہا گیا۔

ٹورنامنٹ کے فائنل میں برازیل نے بھارت کو شکست دے کر اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجایا، تاہم پاکستان نے ایونٹ کی اسٹینڈنگ میں مجموعی طور پر تیسری پوزیشن برقرار رکھی۔

پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز کی بات یہ رہی کہ قومی ٹیم کے اسٹریٹ چائلڈ فٹبالر نے پورے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول اسکور کر کے ٹاپ گول اسکورر کا باوقار ایوارڈ اپنے نام کیا۔

یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ ان کھلاڑیوں نے محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت اور لگن سے ثابت کیا کہ اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ دنیا کے کسی بھی میدان میں پاکستان کا پرچم بلند کر سکتے ہیں۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔