پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کا ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز، مسلسل دوسری جیت

پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا اور میکسیکو کو شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز کیا ہے۔
پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں اپنی روایتی مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دو فتوحات حاصل کر لی ہیں، جس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔
پاکستان نے اپنی مہم کے پہلے ہی میچ میں انڈونیشیا کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس میچ کے ہیرو کاشف خان رہے، جنہوں نے دو شاندار گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
ٹیم نے اپنی اس شاندار کارکردگی کا تسلسل دوسرے میچ میں بھی برقرار رکھا، جہاں میکسیکو جیسی مضبوط ٹیم کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول کے بھاری مارجن سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے نور زمان کا شاندار آغاز، مصری کھلاڑی کو شکست
دوسرے میچ میں کاشف خان اور عیسیٰ خان نے دو دو گول اسکور کیے جبکہ شاہد انجم نے ایک گول کر کے ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کی۔
ان تاریخی اور غیر معمولی کامیابیوں کے بعد کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے جذبات دیدنی تھے۔ ٹیم نے متفقہ طور پر اپنی ان فتوحات کو معرکہ حق اور پاکستان کی مسلح افواج کے نام منسوب کر دیا ہے۔
کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی یہ کامیابیاں وطن کے ان بہادر جوانوں کے نام کرتے ہیں، جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔
ٹیم نمائندگان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتوحات پوری پاکستانی قوم کے لیے تحفہ ہیں اور مسلح افواج کی قربانیاں اور قومی خدمات ہمارے لیے ہمیشہ حوصلے اور فخر کا باعث رہی ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کے اتحاد، نظم و ضبط اور شاندار کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل اور ان کی بے پناہ صلاحیتوں کے بہترین نمائندے ہیں۔
مینجمنٹ کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم اب مزید بلند حوصلے کے ساتھ آئندہ میچز کے لیے میدان میں اترے گی اور ان کا ہدف ورلڈ کپ جیت کر وطن واپس آنا ہے۔
اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی ان فتوحات پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں کے لیے دعاؤں اور تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












