جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مکمل، ٹیکس نیٹ میں توسیع اور اخراجات میں کمی پر زور

21 مئی, 2026 14:32

حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف، معاشی اصلاحات اور مالیاتی نظم و ضبط کے حوالے سے منعقد ہونے والے اہم مذاکرات اختتام پذیر ہو گئے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کا وفد مشن چیف ایوا پیرو وا کی سربراہی میں 13 سے 20 مئی تک پاکستان کے دورے پر رہا، جہاں حکومتی حکام کے ساتھ معیشت کے مختلف شعبوں اور خاص طور پر آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف پر تفصیلی اور اہم مذاکرات کیے گئے۔

دورے میں معاشی استحکام کو یقینی بنانے اور اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مذاکرات کے اختتام پر جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مالی سال 2027 کے لیے دو فیصد پرائمری سرپلس کا ہدف برقرار رکھا جائے گا تاکہ مالیاتی خسارے کو قابو میں رکھا جا سکے۔

مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان کے اندرونی معاشی نظام میں بہتری لانے کے لیے آئندہ بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے پر خصوصی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان سمیت 10 ممالک کی غزہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

حکام کا کہنا تھا کہ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ٹیکس کی بنیاد کو بڑھایا جائے اور ان شعبوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، جو اب تک اس سے باہر ہیں۔

اس کے ساتھ ہی وفد کی جانب سے حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی لانے اور مختلف شعبوں میں جاری اصلاحاتی عمل کو مزید تیز کرنے پر بھی شدید زور دیا گیا تاکہ ملکی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے۔

مذاکرات کے بعد سامنے آنے والے اعلامیے کے مطابق ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اپنی سخت مانیٹری پالیسی کو جاری رکھے گا۔ اس اقدام کا مقصد مارکیٹ میں روپے کی گردش کو منظم کرنا اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ روپے کی قدر کے حوالے سے لچکدار پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ بیرونی معاشی جھٹکوں کا مقابلہ کیا جا سکے اور مارکیٹ کی طلب و رسد کے مطابق روپے کی قدر کا تعین ہو سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔